کراچی، نیشنل ہائی وے سے تین افراد کی لاشیں برآمد، علاقہ میں خوف وہراس

منگل 3 مارچ 2015 11:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) کراچی میں نیشنل ہائی وے لنک روڈ سے تین تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں ، اورنگی میں پولیس نے کمسن ڈاکووٴں سمیت سات ملزم پکڑ لیے ، شہریوں نے سخی حسن سے 2 ڈاکو اور گلشن اقبال سے ایک چور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ رک نہ سکا ، میمن گوٹھ کے علاقے نیشنل ہائی وے لنک روڈ سے تین لاشیں ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق تینوں افراد کو اغوا کے بعد تشدد کر کے قتل کیا گیا۔ قتل کیے جانے والے افراد میں دو عمر رسیدہ اور ایک نوجوان ہے۔

(جاری ہے)

لاشوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ، اس سے پہلے اورنگی ٹاوٴن سے پولیس نے تین کم عمر ڈاکو گرفتار کر لیے۔ گیارہ سے سولہ برس کے ملزم ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزموں نے ڈکیتی کے دوران ایک خاتون کو قتل بھی کیا تھا ۔

ادھر لیاری عید گاہ میں مقابلے کے بعد گینگ وار کا ایک کارندہ گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم عاطف عرف ہلاکو کے قبضے سے اسلحہ اور آوان بم برآمد کر لئے گئے ۔ محمود آباد میں بھی پولیس نے چھاپہ مار کر دو ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیا۔ شہریوں نے سخی حسن کے قریب دو اور گلشن اقبال سے ایک چور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

متعلقہ عنوان :