Live Updates

سینٹ الیکشن میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی ، خیبر پختونخوا میں 5مارچ کا دن پی ٹی آئی کے مخالفین کے غباروں سے ہو ا نکال دے گا،

خیبر پختونخوا کے وزیر مال سردار علی امین خان گنڈا پور کی میڈیا سے گفتگو

پیر 2 مارچ 2015 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2مارچ۔2015ء ) خیبر پختونخوا کے وزیر مال سردار علی امین خان گنڈا پور نے یقین ظاہر کیا ہے کہ رواں ہفتے میں منعقد ہونے والے سینٹ کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی اور خیبر پختونخوا میں 5مارچ کا دن پی ٹی آئی کے مخالفین کے غباروں سے ہو ا نکال دے گا ۔ اُنہوں نے آج پشاور میں اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ جمعرات کو سینٹ کا انتخاب ایک بار پھر ثابت کر دے گا کہ پاکستان کے کھلاڑی بکاؤ مال نہیں بلکہ ووٹ تو کیا وہ عمران خان کے اشارے پر اپنی جان بھی دے سکتے ہیں اور کپتان کے ویژن کے مطابق پی ٹی آئی کے ایجنڈے کے تحت وطن عزیز اور خیبر پختونخوا کی عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے ہمارے کارکن اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاکر کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ اگرچہ دھرنے کے دوران اس بات کا عملی مظاہرہ نہ صرف پوری قوم دیکھ چکی ہے بلکہ پوری دنیا نے ہمارے اس عزم کا عملی مشاہد ہ کیا ہے ۔ اُنہوں نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو مزید بتایا کہ اگر چہ ہماری صفوں میں مکمل اتحاد و یکجہتی ہے اور ہمارے تمام اراکین اسمبلی کی وفاداری کسی بھی شک و شہ سے بالاتر ہے لیکن پھر بھی 5مارچ کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اور مخالفین کے ہارس ٹریڈنگ کے پروپیگنڈے دم توڑ جائیں گے کیونکہ ماضی کی حکایات پی ٹی آئی کے ممبران کے سلسلے میں کھبی سچ ثابت نہیں ہو سکیں گی کیونکہ کپتان اور پی ٹی آئی کی پالیسی اس سلسلے میں اتنی واضح ہے کہ کوئی پارٹی کے اصولوں سے روگردانی کا سوچ بھی نہیں سکتا کیونکہ پی ٹی آئی میں سزا و جزا کے اصولوں پر ہمیشہ عمل ہوتا رہا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات