Live Updates

محکمہ جنگلات ضلع سوات کے حکام جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی اور ٹمبر سمگلروں کے خلاف ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھائیں ، جنگلات قوم کا قیمتی آثاثہ ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے عمران خان کے ویژن کے مطابق جنگلات کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر جنگلات لگانے کا عزم کر رکھا ہے،

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

پیر 2 مارچ 2015 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2مارچ۔2015ء ) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے محکمہ جنگلات ضلع سوات کے حکام سے کہا ہے کہ وہ جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی اور ٹمبر سمگلروں کے خلاف ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھائیں کیونکہ جنگلات قوم کا قیمتی آثاثہ ہے اور پی ٹی آئی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق جنگلات کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر جنگلات لگانے کا عزم کر رکھا ہے یہ بات اُنہوں نے پیر کے روز پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور میں مالاکنڈ ڈویژن میں غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جبکہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ ، چیف کنزویٹر فارسٹ مالاکنڈ سرکل شاہ وزیر خان ، ڈویژنل فارسٹ آفیسر سوات قاضی محمد یونس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے اجلاس میں ضلع سوات میں جنگلات کی حفاظت اور ٹمبر سمگلروں کے خلاف کاروائی کے بارے میں تفصیلی غور و خوص ہوئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ محکمے کے ذمہ دار حکام کا فرض بنتا ہے کہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرکے اُن کی حوصلہ شکنی کرکے جنگلات کو محفوظ بنائیں ۔اُنہوں نے محکمے کے افسروں اور اہلکاروں سے یہ بھی کہا کہ جنگلات کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر جنگلات لگانے کے بارے میں عوام میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ سرسبز پختونخوا کا خواب پورا ہو سکیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات