کوئٹہ،ماروی میمن کی گورنربلوچستان سے ملاقات،

گورنربلوچستان کو ماروی میمن نے بی آئی ایس پی پروگرام کے بارے میں بریف کیا، آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال

پیر 2 مارچ 2015 22:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2مارچ۔2015ء) بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن وزیرمملکت ماروی میمن نے گورنربلوچستان محمدخان اچکزئی سے اپنے وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وفاقی سیکرٹری بی آئی ایس پی ،شبیراحمد، ڈی جی بلوچستان جواد احمد ، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر عبدالرؤف خان بھی ان کے ہمراہ تھے گورنربلوچستان کو ماروی میمن نے بی آئی ایس پی پروگرام کے بارے میں بریف کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

گورنر بلوچستان نے نشاندہی کی کہ بلوچستان میں لوکل باڈیز کے الیکشن کے بعد یونین اور تحصیل سطح پر موجود کونسلر حضرات کے ساتھ مل کر اس پروگرام کو نچلی سطح پر کوارڈینیشن کے ساتھ مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ماروی میمن نے بعد میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور اعلیٰ حکام کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرپرسن نے بتایا کہ وہ چیئرپرسن کاعہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد وزیراعظم کی ہدایت پر بلوچستان آئی ہیں اور کوئٹہ لورالائی اور سبی کا دورہ کررہی ہیں اور غریب خواتین سے ملاقات کریں گی انہوں نے مزید بتایا کہ نقد مالی امداد کے نظام کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت بلوچستان کے چھ اضلاع میں کام شروع کردیاگیا ہے جس کے تحت ہر گھرانے کے بچوں کو پرائمری سکول جانے پر دوسو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا اور پروگرام کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بی آئی ایس پی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا کہ پچھلے تین ماہ کے عرصے میں بلوچستان میں تقریباً ساٹھ کے قریب نئے افسران اور دیگر عملے کو بھرتی کیا گیا ہے اور عنقریب ان کے دفتر تمام اضلاع میں قائم کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً دو لاکھ ایسی خواتین ہیں جن کے شناختی کارڈ ابھی تک بی آئی ایس پی کو نہیں مل سکے اس کے لئے کونسلر حضرات کے ساتھ مل کر مہم شروع کی جائے گی تاکہ ان خواتین کو بھی امداد دی جاسکے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن کے دورہ کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ وہ اس پروگرام کو مکمل تعاون فراہم کرینگے۔ انہوں نے وہاں پر موجود مختلف محکموں کے سیکرٹریوں اور اعلیٰ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ بی آئی ایس پی کے صوبائی سربراہ اور عملے کے ساتھ مل کر مشترکہ کمیٹیاں بنائیں اور پروگرام کی افادیت میں مزید بہتری لانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے چیئرپرسن ماروی میمن صاحبہ کے اس جذبہ کو سراہا کہ وہ عہدہ سنبھالتے ہی بلوچستان آئیں اور بلوچستان کے دوسرے شہروں کے دورے پر جارہی ہیں۔ بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن بعد میں اپنے افسران کے ہمراہ کوئٹہ کے دفتر میں گئیں اور خواتین سے ملاقات کی اور ان میں گھل مل گئیں ان کے مسائل معلوم کئے اور موقع پرہدایات جاری کیں۔ بعد میں وہ ریجنل دفتر گئیں اور بی آئی ایس پی کے افسران اور دیگر عملے سے ملاقات کی انہوں نے تمام اسٹاف کو بتایا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پرخود ایک مشن کے تحت اس پروگرام میں آئی ہیں اور چاہتی ہیں کہ وہ اور بی آئی ایس پی کے سٹاف ان کے ساتھ مل کر غربت کے خاتمے کے اس مشن میں محنت اور ایمانداری سے ان کا ساتھ دیں