دنیا میں بہتر زندگی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے خود کو منفرد بنانا ضروری ہے،آپ کا کام اور مثبت تاثر ہی آپ ہیں،مقررین کا سیمینارسے خطاب

پیر 2 مارچ 2015 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2مارچ۔2015ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے اشتراک سے دی مارکیٹکس کلب کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ دنیا میں بہتر زندگی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے خود کو منفرد بنانا ضروری ہے،آپ کا کام اور مثبت تاثر ہی آپ ہیں۔ سیمینار سے محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر عبدالوہاب ، نجی ٹی وی کی جنرل منیجر شہناز رمزی ، نجی اسپورٹس چینل کے کارپوریٹ منیجر محمد علی اور دی مارکیٹکس کلب کی صدر انعم شکیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

محمد علی جناح یونیورسٹی کی سماعت گاہ میں ہونے والے سیمینار سے خطاب میں شہناز رمزی کا کہناتھاکہ نوجوان کامیابی کیلئے صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ اپنے بارے میں مثبت تاثر بنانے کی کوشش کریں کیونکہ بہتر تاثر ہی کاروبار،اداروں اور شخصیات کی کامیابی کاراز ہے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی کاکہناتھاکہ میڈیا سمیت تمام ہی شعبہ جات میں کامیابی کیلئے صلاحیت،علم اور تجربے کے ساتھ مثبت اور منفرد تاثر کا ہونا نہایت ہی ضروری ہے۔

ان کا کہناتھاکہ آج کل میڈیاکا دور ہے،اس دور میں بہتر ملازمت کیلئے مثبت اور منفرد تاثر بنانا آسان ہوگیا ہے،کچھ وقت دے کر خود کو منفرد بنانے کے بارے میں سوچیں،اس سے آپ کو اپنی خوبیوں،اپنے حوصلے اور اپنے اہداف کا تعین کرنے میں آسانی ہوگی،خود کو بہتر انداز میں مارکیٹ کرنے کا یہ عمل ہی جاب مارکیٹ میں آپ کیلئے معاون ثابت ہوگا۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر محمد علی جناح یونیورسٹی پروفیسر عبدالوہاب نے اس طرح کی تقریبات کو سراہا اور اس حوالے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انعم شکیل کا کہناتھاکہ اس طرح کی تقریبات کے ذریعے طلبا اور اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔مقررین نے اس موقع پر برینڈنگ ٹرینڈز پر بھی مفید معلومات شرکاء کو دیں

متعلقہ عنوان :