سینٹ میں اربوں روپے کی منڈی لگانے والے تھرکے لوگوں کو دو کلو آٹا نہیں دے سکتے ۔حلیم عادل شیخ ،

ان بچوں میں سے مرنے والا کسی ایک وزیر کا بھی کوئی رشتے دار ہوتا تو سندھ کی سیاست میں بھونچال آجاتا۔صدر مسلم لیگ (ق)سندھ

پیر 2 مارچ 2015 20:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے تھر پار کر میں غذائی قلت کی شکار ماں اور 2نوزائیدہ بچوں سمیت جابحق ہونے کی خبر پر اپنے تعزیتی بیان میں کہاہے کہ سندھ کے ہسپتالوں میں سہولتوں کے فقدان اور حکومت کی عدم توجہی کی بنا پر معصوم بچے دھڑادھڑ مررہے ہیں حکمران اپنے مشاغل میں مگن ہیں سب کو سینٹ میں چئیرمین بننے کی فکر ہے کسی کو یہ فکر نہیں ہے کہ قوم کے ہونہار کس انداز میں بھوک اور پیاس کی شدت سے مررہے ہیں۔

گذشتہ ماہ بھی چالیس کے قریب بچے جانوں سے چلے گئے اور سندھ حکومت کے وزیر سب اچھا کی رپورٹیں دیتے ہوئے نہیں تھکتے ،اختیارات اور وزارتوں میں مزید اضافے کی تمنا رکھنے والے حکمران کسی ایک نومولود کی جان بچانے کی بھی اہلیت نہیں رکھتے،ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پاکستان ریلیف فاؤنڈیشن کے عہدیدران اور کارکنوں سے ملاقاتوں میں کیا۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے کہاکہ کوئی شخص ایسا نہیں ہے جسے ذہنی اور جسمانی تشدد کاسامنا نہ ہوسینٹ میں امیدواروں کی خریدوفروخت کے لیے اربوں روپے کی منڈی لگی ہوئی ہے مگر بھوک سے مرتے ہوئے بچوں کے گھروں میں دو کلو آٹا پہچانے والا کوئی بھی موجود نہیں ہے وزیر اعظم سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کی بجائے اس بات پر توجہ کیوں نہیں دیتے کہ کسی طرح سے تھر میں بھوک سے مرتے ہوئے بچوں کو روکا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ان بچوں میں سے مرنے والا کسی ایک وزیر کا بھی کوئی رشتے دار ہوتا تو سندھ کی سیاست میں بھونچال آجاتا مسلم لیگ اور PRFنے عوام سے ہمدردی اور محبت کا وعدہ کیا ہے جسے ہم ہر حال میں نبھائیں گے ۔اس موقع پر PRFکے رہنما کیپٹن ندیم ،محترمہ ماہ گل ،جبکہ مسلم لیگ کی جانب سے شیخ اقبال ،واصل خان ،زوالفقار رانااور جاوید اعوان بھی موجود تھے ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بچوں کی صحت کے لیے ماؤں کو بھی اپنی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے مگر جس گھر میں پینے کا پانی نہ ہو وہاں اس ماں کو کھانے کو کیا مل سکتا ہے ،۔انہو ں نے مزید کہا کہ سندھ کے حکمران آئے روز نئی نئی کہانیاں سناکر میڈیااور عوام کو گمراہ نہ کریں سب جان چکے ہیں کہ یہ کسی کام کے نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت جلد سندھ کا دورہ کرینگے اور جس انداز میں سندھ کی عوام کی پہلے خدمت کی ہے اسی انداز میں اس بارپھر اپنا فرض نبھائینگے ۔

متعلقہ عنوان :