سمبڑیال ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شارجہ جانیوالی مسافر پرواز میں 16گھنٹے کی تاخیر

پیر 2 مارچ 2015 17:40

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) سمبڑیال میں واقع سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سیالکوٹ سے شارجہ جانے والی مسافر پرواز میں 16گھنٹے کی تاخیر سے، خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت سینکڑوں مسافر خوار ہوگئے۔ مسافروں کا شدید احتجاج۔ بتایا گیا ہے کہ ایک غیر ملکی ایئرلائن کی مسافر فلائٹ نے گزشتہ اتوار کی رات ساڑھے گیارہ بجے سیالکوٹ ائیرپورٹ سے شارجہ کیلئے روانہ ہونا تھا، جہاز میں فنی خرابی کی وجہ سے مذکورہ فلائٹ16گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔

شدید بارش اور سردی کی وجہ سے متاثرہ مسافر ساری رات اور پیر کو بھی تقریباً سار ا دن بھوکے پیاسے ٹھٹھرتے رہے۔ایئرپورٹ انتظامیہ کی طرف سے مسافروں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔جہازکی فنی خرابی کو دور کرنے کے لئے ائیر عریبیہ ایئر لائن نے لاہور سے اپنے انجینئرز سیالکوٹ ائیرپورٹ پر بلا لئے۔

(جاری ہے)

جو فنی خرابی دور کرنے میں مصروف تھے۔

متعدد مسافر بشمول خواتین اور بچے شدید سردی کی وجہ سے بیمار ہو گئے۔ فلائٹ میں اس بیجا تاخیر کی وجہ سے کئی مسافروں کے ویزے ختم ہو گئے جبکہ کئی مسافروں کی شارجہ ائیرپورٹ سے لی جانے والی بین الاقوامی پروازیں بھی مس ہو گئیں۔ بھوکے پیاسے متاثرہ مسافروں نے اس غیر انسانی سلوک اور کھانا نہ ملنے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا۔ تاحال مذکورہ پرواز اپنی منزل مقصود پر روانہ نہ ہو سکی۔