ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف حکومت کو نیا مقدمہ درج کر نے سے روک دیا گیا

ملزم کیخلاف کوئی بھی نیا مقدمہ درج کرنے سے پہلے عدالت کو آگاہ کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ

پیر 2 مارچ 2015 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف حکومت کو نئے مقدمہ کے اندراج سے روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے عدالت نے وفاقی وکیل کو احکامات جاری کئے کہ ملزم کے خلاف کوئی بھی نیا مقدمہ درج کرنے سے پہلے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ وفاق کی جانب سے جمع کرائے گئی رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف دو ایف آئی کے علاوہ کوئی مقدمہ درج نہیں۔

پیر کے روز جسٹس نور الحق این قریشی کی عدالت میں ملزم ذکی الرحمان لکھوی کیس کی سماعت ہوئی درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ راجہ رضوان عباسی عدالت پیش ہوئے جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل آفنان کریم کنڈی اور ڈپٹی اٹارنی جنرل جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے وفاق کے وکیل نے وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی کہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف ممبئی حملہ کیس اور افغانستان کے ایک شہری انور خان کے اغواء کا مقدمہ درج ہے اس کے علاوہ چاروں صوبوں میں ملزم کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے بتایا میرے موکل کی ماتحت عدالت سے درخواست ضمانت منظور ہوئی تھی اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی ملزم کو رہا کرنے احکامات جاری کئے تھے جبکہ اس کے باوجود حکومت کی جانب سے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو رہا نہیں کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

میرے موکل کے بنیادی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ گذشتہ سماعت پر عدالت نے وفاق کے وکیل احکامات جاری کئے تھے کہ چاروں صوبوں میں ملزم کے خلاف درج کئے گئے مقدمات تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کئے جانے کا حکم جاری کیا تھا وفاق کے وکیل نے چاروں صوبوں کے ہوم سیکرٹریز کو خطوط بھی ارسال کئے تھے اور ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ طلب کی تھی جبکہ پیر کے روز سماعت کے دوران جسٹس نور الحق این قریشی نے وفاق کے وکلاء سے استفسار کیا کے کیا آپ کو ملزم کے خلاف کوئی ذاتی رنجش ہے وفاق کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ہمارا کام وفاق کی نمائندگی کرنا ہے ملزم کے خلاف ہماری کوئی ذاتی عناد نہیں ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے حکومت کو ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف کسی بھی نئے مقدمہ کے اندراج سے روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف کوئی بھی نیا مقدمہ درج نہ کیا جائے مقدمہ کے اندراج سے پہلے عدالت سے اجازت طلب کی جائے۔ وفاق کی جانب سے داخل کرائی گئی رپورٹ میں ملزم کے خلاف صرف دو ہی مقدمات کا ذکر کیا گیا ہے جس میں ممبئی حملہ کیس اور ایک اغواء کا مقدمہ ہے۔ مذکورہ احکامات کے بعد عدالت نے ممبئیحملہ کیس کے مرکزی ذکی الرحمان لکھوی کی جانب سے مقدمات کی تفصیل طلب کرنے کے لئے دائر کئے گئے کیس کو نمٹا دیا۔

متعلقہ عنوان :