جماعت اسلامی شعبہ خواتین کا 8مارچ عالمی یوم خواتین کو امہات المومنین  کے نام منسوب کرنے کا فیصلہ

اتوار 1 مارچ 2015 18:21

فیصل آباد(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015) جماعت اسلامی شعبہ خواتین نے 8مارچ عالمی یوم خواتین کو امہات المومنین  کے نام منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں 10مارچ تک عشرہ سیدہ خدیجة الکبری  منایا جائے گا ۔مسلم خواتین کیلئے رول ماڈل حضرت خدیجة الکبری  ہیں، عشرہ امہات المومنین  میں ملک بھر میں خواتین کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے ،اسلام کے تفویض کردہ حقوق و فرائض کی اہمیت کو اجاگر کرنے ،معاشرے کے غلط رسوم و رواج اور جبر و تشدد سے خواتین کو محفوظ رکھنے اور عورتوں کو حضرت خدیجة الکبری  کو رول ماڈل کے طور پر پیش کرنے کیلئے قومی سطح پر مہم چلائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی ضلعی ناظمہ محترمہ فوزیہ محبوب نے فیصل آباد میں شعبہ خواتین کی ضلعی اور زونل ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عشرہ امہات المومنین کے دوران ملک بھر میں ایک خصوصی مہم چلائی جائے گی ،اس مہم میں حضرت خدیجہ  کی سیرت مطہرہ پر لٹریچر ،ہینڈ بلز کی تقسیم ،پوسٹر اور سٹکرز اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔

حضرت خدیجة الکبری  امت کی ماں ہیں جنہوں نے سب سے پہلے حضور نبی پاک پر ایمان لا کر قیامت تک کی عورتوں کو سربلند کیا،مسلم خواتین کیلئے کوئی اداکارہ ،گلوکارہ یا ڈانسر رول ماڈل نہیں ہوسکتی ،ہم امت مسلمہ کی بیٹیاں ہیں ہمیں کسی طرح بھی یہ گوارہ نہیں کہ اسلام کے تہذیب و تمدن کے خلاف کسی عورت کو استعمال کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مغربی و ہندوانہ تہذیب اور مادہ پرستی تیزی کے ساتھ مسلم گھرانوں میں پھیلائی جا رہی ہے اور اسلامی تہذیب کو مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دنیاوی تہذیب نے انسانی رشتوں کا تقدس ختم کردیا ہے ،حقوق کے نام پر عورت کو حیااور حجاب سے عاری کیا جارہا ہے ،اس صورت حال میں ضروری ہے کہ ہم دنیا کو اسلام کی باحیا اور روشن تعلیمات سے روشناس کروائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ انسانوں کے تمام مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کی مکمل اطاعت و فرمانبرداری اور اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے میں ہے ۔ نبی مہربان حضرت محمد نے ہمیں قرآن اور سنت مطہرہ کی شکل میں وہ صراط مستقیم فراہم کی ہے جس پر چل کر ہم دنیائے عالم پر حکمرانی کرسکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :