سپریم کورٹ روا ں ہفتے مقدمات کی سماعت کے لئے 5 بینچ تشکیل

رواں ہفتے سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس، وزیراعظم کے صوابدیدی فنڈز کے استعمال اور بلوچستان کے لاپتہ افراد سے مقدمات کی سماعت ہوگی

اتوار 1 مارچ 2015 17:30

اسلام آباد(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نیروا ں ہفتے زیر سماعت مقدمات کے لئے 5 بینچ تشکیل دے دیئے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کی جانب سے تشکیل دیئے گئے 5 بینچز میں سے 4 اسلام آباد جب کہ ایک پشاور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ اسلام آباد میں سماعت کرنے والا پہلا بینچ چیف جسٹس ناصر الملک، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری پر مشتمل ہے، دوسرا بینچ جسٹس جواد ایس خواجہ،جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس مقبول حسین باقر پر مشتمل ہے جو اصغر خان کیس کے فیصلے خلاف اسد درانی مرزا اور اسلم بیگ سمیت دیگر کی اپیلوں، وزیراعظم کے صوابدیدی فنڈز کے استعمال اور بلوچستان کے لاپتہ افراد اور اجتماعی قبروں کی دریافت سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کا تیسرا بینچ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ،جسٹس مشیرعالم اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل ہے جو کہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف مولوی اقبال حیدر کی طرف سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کریگا،عدالت عظمیٰ کا چوتھا بینچ جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل ہے۔ پشاور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرنے والا ڈویڑن بینچ جسٹس انورظہیر جمالی اور جسٹس شیخ عظمت پر مشتمل ہے