کڈنی ولیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کے لئے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے‘ وزیر خزانہ پنجاب

خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

اتوار 1 مارچ 2015 15:59

لاہور( اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015 )وزیر قانون ،ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کررہی ہے ، حکومت کم وسیلہ افراد کو خطرناک وپیچیدہ امراض کے بلامعاوضہ علاج معالجہ کے لئے سپیشلائزڈطبی ادارے قائم کر رہی ہے اور سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لئے اضافی فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں اور اس سال اپریل تک ایمرجنسی وارڈ آپریشن کرنے کے لئے 650ملین روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں، کڈنی ولیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کے لئے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے جس کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے- فیملی فزیشنز، لیڈی ہیلتھ ورکرزاور خواتین کے وفود سے ملاقا ت کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ خواتین کوصحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا ہر 10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے مختلف ڈونر اداروں کے تعاون سے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے اور ان پراجیکٹس کے مراکز میں ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کی تعیناتی‘ برتھ کٹس ‘ طبی آلات اور ضروری ادویات کی فراہمی کویقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماں وبچہ کی صحت کے ایک منصوبہ اور صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے گرانٹ فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھتے ہوئے فنڈز دگنا کر دیئے ہیں -