ایم کیوایم ، پاکستان کے کرپٹ سیاسی کلچر اوراسٹیٹس کے خاتمہ کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے، الطاف حسین،

کرپٹ سیاسی کلچر کے خاتمے کیلئے ہمت وجرات کے ساتھ سینیٹ کے ایوان میں آواز اٹھائیں گے، الطاف حسین

ہفتہ 28 فروری 2015 22:36

لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ، پاکستان کے کرپٹ سیاسی کلچر اوراسٹیٹس کے خاتمہ کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے اور انشاء اللہ پاکستان میں مثبت انقلابی تبدیلی ایم کیوایم کے پرچم تلے ہی آئے گی ۔ یہ بات انہوں نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر ایم کیوایم کے امیدواروں محترمہ نگہت مرزا حنا اور بیرسٹر محمد علی سیف کے بلامقابلہ سینیٹرز منتخب ہونے کی مبارکباد دینے کیلئے جمع ہونے والے کارکنان کے اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں نائن زیرو پر ایم کیوایم کے کارکنان کی جانب سے نومنتخب سینیٹرزکاپرجوش استقبال کیا گیا ، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے ، گلدستے پیش کیے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیوایم کے ترانوں کی دھن پر کارکنان کی جانب سے خوشی میں بھنگڑے بھی ڈالے گئے اور نائن زیرو پر جشن کا سماں دیکھنے میں آیا ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے سینیٹرز کی بلامقابلہ کامیابی پر تمام کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قرآن مجید میں مایوسی سے بچنے اور ثابت قدمی سے جدوجہد کرتے رہنے کا درس دیا گیا ہے ، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ خدا اس قوم کی حالت تبدیل نہیں کرتا جو قوم اپنی حالت تبدیل کرنا نہ چاہے ۔

نبی کریم نے امانت، دیانت اور صداقت کا درس دیا ہے ، رسول اللہ نے صرف محنت کرنے کا درس ہی نہیں دیا بلکہ محنت ومشقت کے تمام کام اپنے ہاتھوں سے انجام بھی دیئے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ بدقسمتی سے ہم دوسروں کو محنت کادرس تو دیتے ہیں لیکن خود اس پر عمل نہیں کرتے ، جن قوموں کا یہ طرز عمل ہوتا ہے وہ بے عمل قومیں کہلاتی ہیں جو ترقی کی منازل اور کامیابیوں کی سیڑھیاں عبورنہیں کرتیں۔

الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کو سندھیوں، پنجابیوں، پختونوں، بلوچوں ، سرائیکیوں، کشمیریوں، ہزاروال ، گلگتیوں اور ،بلتستانیوں کادشمن قراردیا گیا ، ایم کیوایم کے خلاف منفی پروپیگنڈے کیے جاتے رہے لیکن ہم مایوس نہیں ہوئے ، حق پرستی کی خاطر شہادتیں دیتے رہے ، جیلوں کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے اور جلاوطنی کی زندگی گزارتے رہے ۔ الطاف حسین 25 سال سے اپنوں سے دور جلاوطنی کی زندگی گزار رہا ہے لیکن قائد کو کارکنوں اور کارکنوں کو قائد سے دورکرنے والے نہیں جانتے کہ حق آنے اور باطل مٹنے کیلئے ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جو عناصر جھوٹی کہانیاں گھڑ کر تعصب اور عصبیت کے الزامات ایم کیوایم پر تھوپا کرتے تھے ان کیلئے خیرپختونخوا سے ایک پختون اور ایک گھریلوخاتون کا ایم کیوایم کے پرچم تلے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم کیوایم نہ تو خواتین سے امتیازی برتاوٴ کرتی ہے اور نہ ہی کسی قومیت سے نفرت کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ، پاکستان کی واحد سچی جماعت ہے جو اسٹیٹس کو ، کے خاتمے اور ملک میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے اور میں دعوے سے کہتا ہوں کہ نہ صرف ساوٴتھ ایشیا بلکہ پوری دنیا میں ایم کیوایم کے برابر کوئی جماعت نہیں ہے ۔

الطاف حسین نے امید ظاہرکی کہ بیرسٹرمحمدعلی سیف اور محترمہ نگہت مرزا حنا، پاکستان کے مظلوم عوام کے حقوق ، ملک پر مسط اسٹیٹس کو، کوتوڑنے اورکرپٹ سیاسی کلچر کے خاتمے کیلئے ہمت وجرات کے ساتھ سینیٹ کے ایوان میں آواز اٹھائیں گے ۔ الطاف حسین نے پاکستان کی تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم صرف اردوبولنے والوں کی جماعت نہیں ہے بلکہ پاکستان کی تمام نسلی، لسانی اورثقافتی اکائیوں اورتمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی جماعت ہے جو ملک کے ہرمظلوم کو آرام وسکون، انہیں علم کی دولت سے مالا مال اور عوام کے مسائل کا حل دیکھنا چاہتی ہے ۔

الطاف حسین نے لاہورہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے پینل کے اراکین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد بھی پیش کی ۔ اس موقع پر نومنتخب سینیٹرز بیرسٹر محمد علی سیف اور محترمہ نکہت مرزا حنا نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ تحریک نے ان پر جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپورکوشش کریں گے اور ملک بھرکے مظلوموں کے حقوق کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے ۔