ہارس اینڈ کیٹل شو کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے چیف سیکرٹری کی زیرصدارت خصوصی اجلاس،

تمام صوبوں کی ثقافت کی نمائندگی کے لئے خصوصی فلوٹس‘ لوک موسیقی‘ دوڑیں اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہو گا، ہارس اینڈ کیٹل شو 2015ء میں محکمہ صحت خصوصی طور پر 10بستر کا ہسپتال بھی قائم کرے گا، چیف سیکرٹری کی متعلقہ صوبائی محکموں کو ہارس اینڈ کیٹل شو کے بہترین انتظامات کرنے کی خصوصی ہدایت

ہفتہ 28 فروری 2015 22:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء )چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل کی زیرصدارت ہارس اینڈ کیٹل شو2015ء کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف صوبائی محکموں کے سربراہان نے ہارس اینڈ کیٹل شو کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور سکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے متعلقہ صوبائی محکموں کے سربراہان کو ہارس اینڈ کیٹل شو کے بہترین انتظامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیشل سیکرٹری صحت نے اجلاس کو بتایا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوران خصوصی طور پر 10 بستر کا ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے موقع پر لوگوں کی تفریح کے لئے آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا۔

(جاری ہے)

تمام صوبوں کی ثقافت کی نمائندگی کے لئے خصوصی فلوٹ‘ لوک موسیقی شو‘ دوڑیں اور دیگر کھیل بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس میں ایم این اے پرویزملک‘ ایم پی اے میاں مرغوب احمد‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری‘ سیکرٹری اطلاعات‘ داخلہ‘ بلدیات‘ سکولز‘ ہائیرایجوکیشن‘ صنعت‘ زراعت‘ جنگلات و ماہی پروری‘ صحت ‘ خزانہ‘ ڈی جی سپورٹس‘ کمشنرو ڈی سی او لاہور اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔