ہارس ٹریڈنگ بہت بڑی لعنت ہے،سب کو روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں، ظفر اقبال جھگڑا

ہفتہ 28 فروری 2015 22:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ظفر اقبال جھگڑا نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ بہت بڑی لعنت ہے  سب کو روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی کے کئی طریقے ہیں تاہم سب سے بہترین طریقہ آئینی ترمیم ہی ہے۔ ماروی میمن نے کہا کہ اگر اس حوالہ سے قانون سازی نہیں ہوئی تو پھر مل بیٹھ کر اس لعنت سے نمٹنے کا کوئی حل نکالنا چاہئے۔

(جاری ہے)

اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ اس ضمن میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کل جماعتی کانفرنس بلانے کا بھی مطالبہ کیا تھا تاکہ دوسری جماعتوں سے بھی اس مسئلہ پر رائے لی جا سکے، تمام مسائل کے حل کیلئے جمہوری حل ہی ضروری ہے تاکہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے بتایا کہ وزیراعظم کی ترجیح ہے کہ ہر شعبہ میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے جس کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے مخلص ہے اور اس سلسلہ میں وزیراعظم پہلے ہی سپریم کورٹ کو خط بھی لکھ چکے ہیں۔