فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں میٹر ک کے سالانہ امتحانات کل سے شروع ہوں گے، تمام تر انتظامات مکمل

تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ

ہفتہ 28 فروری 2015 20:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28فروری۔2015ء) میٹرک کے سالانہ امتحانات فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں کل (2 مارچ بروز سوموار )سے شروع ہوں گے اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28فروری۔2015ء کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے امتحان میں کل 301804 امیدوار شرکت کر رہے ہیں جن میں 254121 ریگولر جبکہ 47683 پرائیویٹ ہیں امیدواران کیلئے 515 امتحانی سنٹرز بنائے گئے ہیں ان میں سے 248 طلباء ‘ 214 طالبات جبکہ 53 کمبائنڈ ہیں۔

اس مرتبہ پہلی بار سسٹم کو فول پروف بناتے ہوئے 194 زونز بناکرریگولر و پرائیویٹ طلباء وطالبات کو سنٹرز الاٹ کرکے ایک ہی سنٹر میں ایک سکول کی اجارہ داری کو ختم کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد اور ضلعی انتظامیہ نے انتظامات کو شفاف بنانے اور بوٹی مافیا کے خاتمہ کیلئے نہ صرف موبائل انسپکٹرز تعینات کر دیئے ہیں بلکہ متعدد سپیشل سکواڈ بھی بنا دیئے ہیں جو خفیہ اطلاعات پر اچانک چھاپے مار کرامتحانات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرنے والے امتحانی عملہ و بوٹی مافیا کے اراکین کو موقع پر ہی گرفتار کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے میں اپنامئوثر کردار ادا کریں گے۔

امتحانی نظام کی مانیٹرنگ کیلئے بورڈ آفس میں بھی ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے جو تمام سنٹرز کی کارکردگی سے متعلق معلومات اکٹھی کرکے رپورٹ چیئرمین و ہایئر ایجوکیشن اتھارٹی کو ارسال کرے گی۔ چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے تمام امتحانی عملہ کو بھی تنبیہ کی کہ وہ اپنے کھانے پینے کی اشیاء اپنے ہمراہ لے کر جائیں کیونکہ اگر کہیں سے بھی یہ اطلاع ملی کہ امتحانی عملہ نے کسی سے کچھ لیا یا کھانا وغیرہ کھایا تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام سٹاف اپنے فرائض محنت‘ لگن اور دیانتداری سے سرانجام دے اس سلسلہ میں انہیں بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا اور ان کے فرائض کی بجاآوری کی راہ میں حائل ہونے والی ہر رکاوٹ کو اکھاڑ کر پھینک دیا جائے گا۔۔

متعلقہ عنوان :