سابقہ شوہر کے قتل میں مدد سے انکار پر عبیرہ کو قتل کیا،طوبیٰ کا اقرار

ہفتہ 28 فروری 2015 20:29

سابقہ شوہر کے قتل میں مدد سے انکار پر عبیرہ کو قتل کیا،طوبیٰ کا اقرار

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28فروری۔2015ء) عبیرہ قتل کیس کا معمہ حل ہوگیا، ایس ایس پی لاہور کے مطابق طوبیٰ اپنے سابقہ شوہر کو مارنا چاہتی تھی،اور اس میں اسے عبیرہ کی مدد درکار تھی، تاہم عبیرہ نے انکار کردیا ، جس پر طوبیٰ نے غصے میں آکر عبیرہ کو زہر دے کر قتل کردیا ۔عبیرہ قتل کیس کی گتھی سلجھنا شروع ہوگئی ، ایس ایس پی لاہور کے مطابق گرفتارعبیرہ کے قتل کرنے والی طوبیٰ کا اصل نام عظمیٰ ہے،اور اس نے انکشاف کیا ہے کہ اس کی عبیرہ سے دوستی گزشتہ سال ہوئی، جس کے بعد وہ اس کے ساتھ اس کے گھر میں رہنے لگی،اس دوران اس نے اپنے تمام راز عبیرہ کو بتائے،ملزمہ طوبیٰ اپنے سابقہ شوہر بابر بٹ کو مارنا چاہتی تھی، جس میں مدد سے انکار کرنے پر اس نے عبیرہ کو زہر دے کر قتل کردیا۔

ایس ایس پی لاہور نے میڈیا کو بتایا کہ طوبی کی فاروق سے دوستی تھی،اس نے زہر بھی فاروق کے دوست ذیشان سے منگوایا،وہ دونوں بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ ملزمہ یوسف نامی ایک شخص کو بھی زہر دے کر مار چکی ہےاور اپنے سابقہ شوہر کو بھی زہر دینے کی کوشش کر چکی ہے،ملزمہ ذہنی طور پر پریشان تھی،اسی پریشانی میں اس نے یہ سارے قتل کیے۔عبیرہ کی لاش کچھ روز قبل ایک بس اڈے سے سوٹ کیس میں ملی تھی جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عبیرہ کو قتل کرنے کے الزام میں طوبیٰ اور اس کے ساتھ فاروق کو گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :