پاکستانی ٹیم کوعوام کے دلی جذبات کی پرواہ نہیں ہے ،رانا عبدالستار

ہفتہ 28 فروری 2015 19:23

شہدادپور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء ) سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن شہدادپور کے صدر رانا عبدالستار نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکست سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم نہ تو پاکستان کے لئے کھیل رہی ہے اور نہ ہی انھیں پاکستانی عوام کے دلی جذبات کی پرواہ ہے ۔ اسی طرح پاکستانی سیاستدان بھی ملک کے مفاد میں کام نہیں کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ہر کھلاڑی ناکارہ ہے اور وہ صرف اپنے کھاتے میں رن جوڑنے میں مصروف ہے ۔ تاکہ پاکستانی ٹیم میں ان رہیں ۔ اسی طرح پاکستانی سیاستدان بھی اپنے کھاتوں میں رقم جوڑنے میں مصروف نظر آتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کی مداخلت نے کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے ۔ کب تک ملک کے مفادات کے ساتھ کھیلا جاتا رہے گا ۔ کھلاڑی اور سیاستدان دونوں ملک کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ملک اور عوام کے ساتھ کھلواڑ بند کیا جائے اور کھیل میں سیاست کی مداخلت فوری طور پر بند کی جائے ۔