نام نہاد ایکشن کمیٹیوں کے چیئرمین میٹرو بس منصوبے پر تنقید کرنے کے بجائے پہلے اپنی مارکیٹوں میں ایکشن کر کے دکھائیں ،حاجی سیف اللہ خان،

کمرشل مارکیٹ ،چائنہ مارکیٹ کالج روڈ اور دیگر جگہوں پرایک ایک پلازے پر کئی کئی سال لگانے والے برساتی مینڈک 28کلومیٹر طویل میٹرو بس منصوبے پر تنقید کر کے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں ،تاجر رہنماء کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 28 فروری 2015 19:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28فروری۔2015ء) مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے نائب صدر حاجی سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ نام نہاد ایکشن کمیٹیوں کے چیئرمین میٹرو بس منصوبے پر تنقید کرنے کے بجائے پہلے اپنی مارکیٹوں میں ایکشن کر کے دکھائیں ،کمرشل مارکیٹ ،چائنہ مارکیٹ کالج روڈ اور دیگر جگہوں پرایک ایک پلازے پر کئی کئی سال لگانے والے برساتی مینڈک 28کلومیٹر طویل میٹرو بس منصوبے پر تنقید کر کے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں ۔

گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی سیف اللہ خان نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ ایشیاء کا منفر د منصوبہ جو ریکارڈ مدت میں مکمل ہو رہا ہے دھرنوں کی باعث اگرچہ یہ مقرر مدت میں مکمل نہ ہو سکا لیکن اتنے بڑے منصوبے پر تنقید کرنے والے اس قدر کم وقت میں میٹر و بس منصوبے کا ایک پلر تعمیر کر کے دکھا دیں ،حنیف عباسی کے خلاف زبان کھولنے والے منہ بند رکھیں ورنہ ہم بھی بہت کچھ کہہ سکتے ہیں وزیر اعظم میا ں نواز شریف اور وزیر اعلی میاں شہباز شریف نے حنیف عباسی کی خداداد صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ہی ان کو میٹرو بس جیسے عظیم اور شاندار منصوبے کا چیئرمین بنایا ہے اور انہوں نے اتنے کم عرصے میں ناممکن کو ممکن بنا کر اپنی تقرری کو درست بھی ثابت کیا ہے ۔

(جاری ہے)

حاجی سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ میٹر و بس منصوبہ کی تکمیل کے بعد راولپنڈی یورپ کے ترقی یافتہ شہروں کے برابر آجائے گا ،ابھی تو یہ منصوبہ مکمل بھی نہیں ہوا کہ شہریوں کی بڑی تعداد شکرپڑیاں،فیصل مسجد،مانو منٹ اور دیگر تفریحی مقامات کو چھوڑ کر میٹرو بس منصوبے کی لائٹنگ دیکھنے آرہی ہے اور یہ جگہ تفریح گاہ میں تبدیل ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے شہر تخت بھائی میں دو کلو میٹرطویل فلائی اوور گزشتہ کئی سال سے زیر تکمیل ہے تحریک انصاف کی حکومت کو بھی دوسال ہونے کو ہیں لیکن یہ مکمل نہیں ہوا جبکہ حنیف عباسی نے اتنے کم عرصے میں 28کلومیٹر طویل میٹرو بس منصوبے کو پایہ تکمیل کے قریب پہنچا دیا ہے جو تمام مخالفین کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے جس سے بوکھلا کر وہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں لیکن ایک دن ایسا بھی آئے گا جب راولپنڈی کے عوام ان برساتی مینڈکوں کو میٹرو بسوں کے نیچے روند ڈالیں گے ۔

حاجی سیف اللہ خان نے کہ تاجروں کے نام پر احتجاج کی دھمکیاں دینے والے سن لیں کہ احتجاج وہ کرتے ہیں جن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہو میٹرو بس منصوبے کی زد میں آنے والے تمام تاجروں کو مارکیٹ کے ریٹ کے مطابق ادائیگی کی جا چکی ہے اب کون احتجاج کرے گا اس لئے نام نہاد ایکشن کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو میرا مشورہ ہے کہ وہ بلا وجہ تنقید کے بجائے اپنے منہ بند رکھیں بصورت دیگر مسلم لیگ ن کے شیر ان کو چپ کرانا اچھی طرح جانتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :