چاکیواڑہ پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکاروں کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے ،عارف جلب

ہفتہ 28 فروری 2015 18:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء) پاسبان کراچی کے جوائنٹ سیکریٹری عارف جلب نے گزشتہ دنوں لیاری ٹاؤن ڈسٹرکٹ ساؤتھ چاکیواڑہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں رونماء ہونے والے پولیس گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مظلوم لیاقت کی چاکیواڑہ میں پرچون کی دکان ہے ۔ جہاں سے وہ راشن وغیرہ بیچ کراپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے ایک لڑائی میں لوگوں کے 15 کو طلب کرنے پر چاکیواڑہ پولیس اسٹیشن کی آنے والی پولیس موبائل نے تیز رفتاری میں اپنی موبائل اس غریب کی دکان میں دے ماری جس کے باعث اس کی دکان میں سامنے موجود راشن آٹے کی تھیلیاں ،دالیں اور تیل وغیرہ ملیا میٹ ہو کر رہ گیا اور اس میں ایک محلے کا معصوم بچہ بھی معمولی زخمی ہوگیا۔

جب پاسبان ذمہ داران اس واقعہ کی شکایت لے کر متعلقہ پولیس اسٹیشن کے SHOکے پاس حاضر ہوئے توSHOنے حسبِ روایت درگذر سے کام لیتے ہوئے اپنے پیٹی بند بھائیوں کی ہی حمایت کی اور اس واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی ۔

(جاری ہے)

پاسبان کراچی کے جوائنٹ سیکریٹری عارف جلب نے ڈی جی ساؤتھ، ایس ایس پی ساؤتھ، ایڈیشنل آئی جی ، سے پُرزور اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کرکے مظلوم کے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرکے عوام میں پولیس کے وقار کو بلند کرنے کے اسباب پیدا کریں،۔

متعلقہ عنوان :