قومی کرکٹ ٹیم کل زمبابوے سے ٹکرائے گی

ہفتہ 28 فروری 2015 17:12

قومی کرکٹ ٹیم کل زمبابوے سے ٹکرائے گی
برسبین (ار دو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28۔فرور ی 2015ء ) میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کل زمبابوے کے خلاف میدان میں اترے گی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کل پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے زمبابوے کی ٹیم سے زور آزمائی کرتی نظر آئے گی۔ زمبابوے کے خلاف میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے،اوپنر ناصرجمشید کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفرازاحمد جبکہ یونس خان کی جگہ یاسر شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کئے جانے کے قوی امکان ہیں۔

کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل 2 ناکامیوں کے بعد کھلاڑی دباؤ میں تھے اس لئے آئندہ میچز میں کامیابی کے لئے قوم کی سپورٹ کی ضرورت ہے،زمبابوے کے خلاف میچ کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور جن لڑکوں کو ٹیم الیون کا حصہ بنایا جائے گا ان کا انتخاب بھی کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب زمبابوے کے کوچ ڈیوواٹمور کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم اپنے ابتدائی میچز ہارنے کے بعد فتح کے لئے بے چین ہے جب کہ زمبابوے اپنے 3 مقابلوں میں ایک میں فتح یاب ہوئی ہے اس لئے دونوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔

قومی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک دو میچ کھیل چکی ہے اور دونوں میں ہی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑاہے۔ پہلا میچ بھارت کے خلاف کھیلا گیا جس میں ٹیم کو76 رنز سے جب کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 150 رنز کی بدترین شکست ہوئی۔ اگر پاکستان کل ہونے والے مقابلے میں بھی ہار گیا تو پھر وہ میگا ایونٹ کےکوارٹر فائنل میں رسائی حاصل نہیں کرسکے گا۔

متعلقہ عنوان :