وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر پٹرلیم شاہد خاقان عباسی کی خصوصی شرکت ، توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تمام ضروری اقدامات پر تیز رفتاری سے پیش رفت پر اتفاق

ہفتہ 28 فروری 2015 16:26

لاہور( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015 ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدار ت صوبے میں توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق ہفتہ کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر پٹرلیم شاہد خاقان عباسی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تمام ضروری اقدامات پر تیز رفتاری سے پیش رفت پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران میں کمی لانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔صوبے میں ایل این جی سے بجلی کے کارخانے لگانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے شیخوپورہ کے نزدیک ایل این جی پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس پلانٹ سے ایک ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہوگی۔ وفاقی کابینہ پنجاب میں 3 مختلف مقامات پر ایل این جی سے توانائی کے منصوبے لگانے کی منظوری دے چکی ہے جن سے مجموعی طور پر 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 200 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی پنجاب کو فراہم کرنے کے فیصلے کی منظوری پر وزیراعظم محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں۔

انشاء اللہ اگلے 3 برس کے دوران توانائی کے کئی منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ توانائی بحران میں کمی لا کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔ قوم کا ایک ایک لمحہ انمول اور قیمتی ہے۔ توانائی منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے شفافیت اور تیز رفتاری سے آگے بڑھا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایل این جی پاور پلانٹس کیلئے متعلقہ ادارے ضروری اقدامات فوری طور پر اٹھائیں اور ٹرانسمیشن لائنز کی اپ گریڈیشن اور پائپ لائنز بچھانے کا کام فی الفور شروع کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایل این جی کے توانائی منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں سو میگاواٹ کا سولر منصوبہ 6 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور پہلا سولر منصوبہ ہے جو پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے لگایا ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف اس منصوبے کا جلد افتتاح کریں گے۔

سالٹ رینج میں چین کے تعاون سے مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ توانائی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل یقینی بنانے کیلئے پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کریں گے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعلیٰ کو توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں ایل این جی سے توانائی کے منصوبے لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ا ٹارنی جنرل آف پاکستان، صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی، ایم این اے حمزہ شہباز، ا راکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی، چیئرمین نیپرا، مینجنگ ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، نیسپاک، پی پی آئی بی کے علاوہ پنجاب اور وفاقی حکومتوں کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔