گلگت،مفرور دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقہ سیل، بھائی بھی زیر حراست

ہفتہ 28 فروری 2015 14:54

گلگت،مفرور دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقہ سیل، بھائی بھی زیر ..

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28فروری 2015ء)گلگت مفرور قیدیوں کی پڑی بنگلہ میں موجودگی کی اطلاع پر علاقہ سیل کر دیا گیا ، گرفتاری کے لیے سراغ رساں کتوں سے بھی مدد لی جا رہی ہے ، سیکورٹی فورسز نے مفرور قیدیوں کے بھائیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔ گلگت جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی تندہی کے ساتھ تلاش جاری ہے۔ اطلاع ملنے پر گلگت سے اٹھارہ کلومیٹر دور پڑی بنگلہ کے مقام پر سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے لیے شاہراہ سے ملحقہ علاقوں کو سیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن میں پاک فوج کی قیادت میں رینجرز گلگت بلتستان سکاؤٹس ، پولیس فورس اور ایلیٹ فورس کے دستے حصہ لے رہے ہیں ۔ بھاگنے والوں کو دوبارہ پکڑنے کے لیے اسلام آباد سے سراغ رساں کتوں کی ٹیم بھی پہنچا دی گئی ہے ۔ گلگت جیل سے فرار ہونے والے قیدی حبیب الرحمان کے بھائی حنان اور مفرور قیدی لیاقت کے بھائی شمس الحق کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ آئی جی گلگت بلتستان ظفر اقبال اعوان نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے تیرہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پکڑے جانے والے افراد میں دس پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔