عالمی یوم خواتین کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں ،ضلع بھر کے تمام محکمے اس ضمن میں کردار ادا کررہے ہیں، کنزہ مرتضیٰ

ہفتہ 28 فروری 2015 14:04

اٹک (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015)اے ڈی سی اٹک کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عالمی یوم خواتین کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور ضلع بھر کے تمام محکمے اس ضمن میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سی او آفس اٹک میں کیا ۔ اجلاس میں ای ڈی او سی ڈی ملک پرویز اقبال، ڈی او پلاننگ جاوید بھٹی، ڈی او سوشل ویلفئیر ایاز گل، خاتون سماجی راہنما خالدہ رانا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اے ڈی سی اٹک نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کا عالمی دن ہمیں ایک عورت کی بحیثیت ماں ، بیٹی ، بہن ،بیوی کی اہمیت سے اجاگر کرتا ہے اور یہی پیغام تمام معاشرے تک جانا چاہیے۔ انہوں نے تمام ٹی ایم ایز اور اے سیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں واکس اور سیمینارز کا اہتمام کریں اور ان میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اٹھائیس فروری سے پانچ مارچ تک ضلعی سطح تک عالمی یوم خواتین کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ چھ اور سات مارچ کو ڈویژنل سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ آٹھ مارچ کو لاہور میں ایک بڑا کنونشن منعقد کیا جائے گا جس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کریں گے ۔ انہوں نے تمام ٹی ایم ایز اور اے سیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں نمایاں جگہوں پر خواتین کے حقوق کے حوالے سے پینا فلیکس آویزاں کریں اور گھر گھر مہم بھی شروع کی جائے جس میں خواتین کے حقوق سے متعلقہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ قوانین کی بھرپور ترویج کی جائے تاکہ معاشرے میں رہنے والی ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عورت کو اپنے حقوق سے آگاہی حاصل ہو ۔

اے ڈی سی اٹک کنزہ مرتضیٰ نے تمام محکموں کو عالمی یوم خواتین کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی رپورٹ اور کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی او آفس ارسال کرنے کی ہدایت کی۔