گلگت ‘ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا ‘ مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوسکے

ہفتہ 28 فروری 2015 13:39

گلگت (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015) گلگت ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف مناور کے مقام پر آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا ‘دونوں مفرور ملزموں کو پکڑنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔

(جاری ہے)

میڈیا ر پورٹ کے مطابق گلگت ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کیلئے سیکورٹی فورسز کی کارروائی دوسرے روز بھی جاری رہی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے مناور کے مقام پر پولیس نے مفرور قیدیوں کو گھیر لیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس انسپکٹر ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی بھی ہو گیا تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے انہیں پکڑا نہیں جا سکا ۔

گلگت سے سیکورٹی بھی طلب کر کے مناور اور جگلوٹ کے علاقوں میں بھیجی گئیں آئی جی ظفر اقبال اعوان نے کہاکہ بہت جلد دونوں کو دوربارہ گرفتار کر لیا جائے گا ۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق قیدیوں کے فرار میں جیل کے بعض اہلکار بھی ملوث تھے ۔ قیدیوں کو جمعرات کی رات بیرک میں بند ہی نہیں کیا گیا تھا اور انہیں اسلحہ بھی جیل کے اندر ہی فراہم کیا گیا۔