پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ‘ ایک ماہ گزر نے کے باوجود برف نہ ہٹائی جاسکی

ہفتہ 28 فروری 2015 13:39

کراچی/اسلام آباد /کوئٹہ /پشاور /لاہور /مظفر آباد /گلگت (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015)آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا ‘ چترال سمیت کئی علاقوں سے ایک ماہ گزر نے کے باوجود برف نہ ہٹائی جاسکی ‘ رابطہ سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا رہا ‘کراچی میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے موسم سرد ہوگیا ‘ شہر کی متعدد سڑکیں تلاب کا منظر پیش کر نے لگیں ‘ پھسلن کے واقعات سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ‘ بیشتر علاقوں میں بارش کے بعد معطل ہونے والی بجلی بحال کر دی گئی ، محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے میں اہالیان کراچی پر باران رحمت کا سلسلہ جاری رہے گا ‘ اتوار سے منگل تک اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف کا باری کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا جس سے موسم کی شدت میں کچھ اضافہ دیکھا گیا ادھر چترال سمیت مختلف علاقوں میں برف باری کے باعث پڑنے والے برف رابطہ سڑکوں سے نہیں ہٹائی جاسکی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا ادھر کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ،کلفٹن، صدر، شارع فیصل، ایئرپورٹ، شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نیوکراچی اور نارتھ ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی بارش کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں رات میں دلفریب منظر پیش کرنے لگیں،مختلف مقامات پر تیز برسات نے کئی چھتیں بھی اڑا دیں،مختلف شاہراہوں پر موٹرسائیکل پھسلنے کے واقعات بھی پیش آئے،جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے سندھ کے وزیراطلاعات کی ہدایت پر سڑکوں پر جمع پانی کو نکالنے کیلیے مشینری حرکت میں آگئی۔

وزیراطلاعات شرجیل میمن نے شہر کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسی آب اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی میں جہاں جہاں پانی کھڑا ہے اسے فوری طور پر نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل پر 3 ملی میٹر ،گلستان جوہر، ائیرپورٹ اور پی اے ایف بیس مسررو میں2 ملی میٹر لانڈھی میں ایک ملی میٹر جبکہ صدر میں برائے نام بارش ریکارڈ کی گئی دوسری طرف بارش کے بعد معطل ہونے والی بجلی بحال کر دی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف حصوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔کوئٹہ، قلات اور ژوب ڈویژنوں میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔