الطاف حسین کی ہدایت پرلانڈھی کارڈیک ایمر جنسی سینٹر میں کے کے ایف فارمیسی اور لیبارٹری کلیکشن پوائنٹ کا قیام،

فارمیسی اور لیبارٹری کاقیام ہماری سیاسی تربیت میں شامل ہے کیونکہ انسانی خدمت کا درس ہماری بنیاد ہے،رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

جمعہ 27 فروری 2015 23:28

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت لانڈھی کارڈیک ایمر جنسی سینٹر میں کے کے ایف فارمیسی اور لیبارٹری کلیکشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔کے کے ایف فارمیسی اور لیبارٹری کلیکشن سینٹر کا افتتاح ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج اور چیف ٹرسٹی کے کے ایف ڈاکٹر نصرت شوکت نے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،واسع جلیل ،قمر منصور،کے کے ایف کے ٹرسٹی سینیٹر احمد علی،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وقار کاظمی،حق پرست اراکین اسمبلی آصف حسنین ،ڈاکٹرصغیر احمد، سیدخالد افتخار،وقار حسین شاہ سمیت میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج و اراکین بھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء سے رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج پاکستان کو قائم ہوئے 66 سالسے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے اور اس دوران بہت سے امتحانات اور مشکلات آئیں لیکن اس کے باوجود ہم ایک قوم نہیں بن سکے کیونکہ ہم اپنا قبلہ درست کرنا نہیں چاہتے ۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پہلے خدمت کرکے دکھائی اور پھر سیاست میں قدم رکھا فارمیسی اور لیبارٹری کاقیام ہماری سیاسی تربیت میں شامل ہے کیونکہ انسانی خدمت کا درس ہماری بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ حق پرست نمائندے محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت میں مصرو ف عمل ہیں ،جو شہر دن رات جاگ کر ملک کو 70فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں اسے ہی وسائل سے محروم رکھ کر محکوم بنانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باوجود خدمت خلق فاؤنڈیشن انسانی خدمت کے کاموں میں دن رات کوشاں ہے، اسپتال ہو یا بلڈ بینک،لیبارٹری ہو یا فارمیسی،اسکول ہو یا یونیورسٹی کے کے ایف الطاف حسین کے انسانی خدمت کے فلسفہ پر کاربند ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر صحت اور رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قائد تحریک الطاف حسین کو جو اعزاز بخشا ہے وہ شاید ہی کسی کو بخشا ہو کیونکہ اللہ تعالیٰ قائد تحریک سے انسانی خدمت کے تمام کام لے رہے ہیں اور یہ کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد تحریک نے سیاست میں خدمت کو متعارف کرایا جبکہ سیاسی جماعت سے پہلے خدمت خلق کمیٹی کا قیام عمل میں لایا وریہی درس انہوں نے اپنے تمام ماننے والے اور چاہنے والوں کو دیا۔کے کے ایف کے ٹرسٹی سینیٹر احمد علی نے کہا کہ فارمیسی اور لیبارٹری کا قیام لانڈھی کے عوام کے لئے روشنی کی کرن اور قائد تحریک کی جانب سے تحفہ ہے۔تقریب سے پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ڈاکٹر وقار کاظمی رکن سید سندھ اسمبلی خالد افتخار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کو فارمیسی اور لیبارٹری اور کلیکشن پوائنٹ کا دورہ کرایا گیا جسے بے حد پسند کیا گیاجبکہ لانڈھی کارڈیک ایمرجنسی سینٹر میں قائم کے کے ایف فارمیسی انتہائی کم قیمت پر مریضوں کو ادویات فراہم کریگی جبکہ لیبارٹری اور کلیکشن پوائنٹ کے ذریعے عوام کو مناسب قیمت میں با آسانی ٹیسٹ کی رپورٹس مہیا ہو سکیں گی۔