سندھ کے بلدیات شرجیل میمن نے کراچی سمیت صوبے بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کردی

جمعہ 27 فروری 2015 23:27

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کراچی سمیت صوبے بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ انہوں نے کمشنر کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص کو خصوصی ہدایات دیں ہیں کہ وہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام عملے کو ہائی الرٹ کروادیں اور تمام مشینری کو فوری طور پر سڑکوں پر لیں آئیں۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر کے ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنرز، ٹاؤن آفیسرز، واٹر بورڈ کے افسران اور دیگر عملے کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ بارش کی صورت میں فوری طور پر نکاسی آب کے لئے اقدامات کریں اور فوری طور پر برساتی نالوں اور مین ہالز کی صفائی کے کام کا آغاز کردیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں بارشوں کے بعد کسی بھی علاقے میں پانی کے کھڑے ہونے کی اگر کوئی شکایات موصول ہوئیں تو اس علاقے کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی استدعا کی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں تاکہ خدانخواستہ کسی حادثہ سے وہ محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ عنوان :