کے ایم سی کے محکمہ لوکل ٹیکسز نے شہر کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں غیر قانونی سائین اور بل بورڈز ہٹا دیئے

جمعہ 27 فروری 2015 23:27

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کی جانب سے خصوصی ہدایات ملنے کے بعد کے ایم سی کے محکمہ لوکل ٹیکسز کے سنئیر ڈائریکٹر اختر شیخ کی سربراہی میں ٹیموں نے 5 روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں غیر قانونی سائین اور بل بورڈز کو ہٹا دیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کی تمام اہم شاہراہوں اور گلی کوچوں سمیت عمارتوں پر لگے ہوئے تمام غیر قانونی اور قانونی سائز سے بڑھے بل اور سائین بورڈز کے خلاف بھی کارروائی کا سلسلہ دن رات جاری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

سنئیر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز اختر شیخ کے مطابق اب تک شہر کے علاقوں کلفٹن، یونیورسٹی روڈ، کارساز، شہید ملت روڈ، ناظم آباد، اسٹیڈیم روڈ سمیت اہم سڑکوں کے درمیان لگائے گئے تمام بل بورڈ کو ہٹا دیا گیا ہے اور یہ مہم اس وقت تک جاری رکھی جائے گی جب تک شہر میں لگے تمام غیر قانونی سائین اور بل بورڈز کے خاتمے تک جاری رکھی جائے گی۔ اختر شیخ نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ کسی قسم کا کوئی دباؤ قبول نہ کیا جائے اور بلاتفریق تمام شہر سے غیر قانونی بل بورڈز کا فوری خاتمہ کیا جائے۔