جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا‘ڈاکٹر عمر سیف،

پبلک مقامات، سرکاری و نجی عمارتوں، مذہبی و غیر مذہبی جلوسوں، اجتماعات ، مجالس اورزیادہ جرائم والے علاقوں کی نگرانی ڈیجیٹل آلات کے ذریعے کی جائے گی

جمعہ 27 فروری 2015 22:29

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے شہریوں کو جرائم اور دہشت گردی سے محفوظ کرنے کے لئے ایک جامع منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔ یہ بات پی آئی ٹی بی کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے ایک بیان میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا منصوبہ ہے۔ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن ( IC3)کے اس مربوط نظام کے تحت شہر کے اہم پبلک مقامات، سرکاری و نجی عمارتوں، مذہبی و غیر مذہبی جلوسوں، اجتماعات ، مجالس اورزیادہ جرائم والے علاقوں کی نگرانی ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی جس کا مرکزی دفتر پولیس کی نگرانی میں کام کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت خود کار نگرانی کے ساتھ ساتھ پولیس ایمرجنسی15پر کال کرنے والے فردکا محلِ وقوع ، موقع پربراہِ راست ویڈیو کوریج اورنزدیک ترین پولیس موبائل گاڑی کی تفصیلات ایک ہی کنٹرول روم میں دیکھی جا سکیں گی اورنزدیک ترین پولیس گاڑی فوری طور پر وقوعہ کی جگہ پہنچ سکے گی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ سوشل میڈیا کو استعمال کرنے کے علاوہ سریع الحرکت پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والی دیگر تمام ایجنسیاں اس نظام کا لازمی حصہ ہو نگی جنہیں پی آئی ٹی بی جدید آلات کے استعمال کے لئے تربیت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی3کی بدولت جرائم کے ٹھوس ثبوت اکٹھے کرنے میں بھی کافی مدد ملے گی۔ اس طرح یہ پروگرام عوام کے جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ انصاف کی فوری فراہمی میں بھی اہم کردار کرے گا۔

متعلقہ عنوان :