دھرنوں کی آڑ میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی،گھناوٴنی اورناپاک سازش تیار کی گئی،شہبازشریف،

مشکلات سے گھبرانے والے نہیں ،عوامی خدمت اورتوانائی منصوبوں کیلئے جان لڑا دوں گا،کوئی کسر اٹھا نہ ر کھی جائیگی، میں نے ہر دور میں صوبے کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کر عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کی ہے ،کوئی ہم پرانگلی نہیں اٹھا سکتا، توانائی منصوبوں کیلئے پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کریں گے،دہشت گردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب ،ایم پی اے انعام اللہ خان نیازی کا (ن)لیگ میں شمولیت کا اعلان

جمعہ 27 فروری 2015 21:58

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنوں کی آڑ میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سازش تیار کی گئی،ساڑھے چار ماہ تک اسلام آباد میں کنٹینروں پر تماشہ لگایا گیا،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو گرانے کی ناپاک سازش بری طرح ناکام ہوئی ،کنٹینروں کے ذریعے کبھی گھیراوٴجلاوٴ اور پارلیمنٹ پر قبضے کے اعلان کیے گئے اور کبھی کفن منگوا کرقبریں کھودی گئیں،دھرنوں نے ملک کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ،سفارتی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔

چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوااورسرمایہ کاری میں رخنہ ڈالا گیا،دھرنے والے ملک دشمنی میں تمام حدیں پھلانگ گئے،ذاتی خواہشات کی تکمیل کیلئے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیرا گیا،ملک و قوم کا قیمتی وقت دھرنوں کے باعث ضائع کیاگیا لیکن وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو درپیش توانائی بحران،دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کر دے گی اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ ر کھی جائے گی۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روز یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس کے دوران ایم پی اے انعام اللہ خان نیازی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایم پی اے انعام اللہ خان نیازی کی پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔صوبائی وزراء ،مشیران، معاونین خصوصی،ایم این اے حمزہ شہبازشریف،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینٹ کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواراوراراکین پنجاب اسمبلی کی بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجودتھی۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ14اگست 2014ء کو دھرنوں کی آڑ میں ایک بہت بڑی اور بدترین سازش تیار کی گئی اوراس سازش کے تانے بانے لند ن میں ملتے ہیں کیونکہ وہاں پر پہلے ہی ملاقاتیں کرائی جاچکی تھیں۔اس سازش کا مقصد مسلم لیگ(ن) کی منتخب حکومت کوگرا کرپاکستان کو مزید تباہ کرنا تھااوراس مقصد کیلئے اربوں روپے جمع کیے گئے اور میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ کی یہ سب سے بڑی ،گھناوٴنی ،بدترین اورناپاک سازش تھی ۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ دھرنوں کی آڑ میں منتخب حکومت پر شب خون مارنا چاہتے تھے انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑااوراللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اورعوام کی دعاوٴں سے تاریخ کی سب سے بڑی سازش ناکام ہوئی۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو پاکستان کے عوام نے مئی2013ء کے انتخابات میں ایک بڑا مینڈیٹ دیالیکن آخر کیوں صرف ایک برس بعد ہی سازشی عناصر دھرنوں کی آڑ میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے پیچھے پڑ گئے،بلاشبہ ان تمام عوامل کے تانے بانے گھناوٴنی سازش سے جا ملتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک پر دھرنوں کے باعث پڑنے والی منفی اثرات آج بھی محسوس کیے جارہے ہیں ۔دھرنوں کے باعث پاکستان کو ایسا گہرا گاوٴ لگایا گیا جس کا زخم آج بھی تازہ ہے۔ گذشتہ برس ہونے والے دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کے باعث قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔دھرنوں کے باعث چین کے صدر کا ستمبر میں دورہ پاکستان منسوخ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ہے اوردونوں ملکوں کی دوستی سمندر سے گہری،شہد سے میٹھی ،ہمالیہ سے بلند اورفولاد سے زیادہ مضبوط ہے،دونوں ملکوں کے اتفاق رائے سے اسلام آباد میں ہونیوالے توانائی ،انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں میں تعاون کے حوالے سے اربوں ڈالر کے معاہدے بعد میں بیجنگ میں طے پائے جس کی وجہ صرف اورصرف دھرنا سیاست تھی۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبوں میں تاخیردھرنوں کے باعث ہوئی اورملک کے ترقی و خوشحالی کے سفر میں دھرنوں نے رخنہ ڈالا۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں نے ملک کا احساس کیا نہ عام آدمی کا۔دھرنوں سے ملکی وقار کو نقصان پہنچایا گیااور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کا عمل بھی رکا۔

دھرنوں سے ملک کو زخم اوردھچکا لگا،دھرنا سیاست کی ملک دشمنی نے پاکستان کی چولیں ہلا دیں اور ملک کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ توانائی،انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں میں ہونے والے معاہدے اسلام آباد کی جگہ بیجنگ میں ہوئے جس میں ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے کارخانے،بہاولپور میں 900میگاواٹ کا سولر منصوبہ اوردیگرپراجیکٹس شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب کی ترقی اورعوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلاسب سے بڑا سو میگاواٹ سولر منصوبہ بہاولپور میں چھ ماہ میں مکمل کیا گیاہے،یہ منصوبہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے لگایاہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف جلد اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ اللہ کے فضل و کرم سے چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کا خزانہ ملا ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے قیمتی معدنی ذخائر کایہ منصوبہ دورآمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں کے کرپشن کے جبڑوں سے نکال کرعوام کی جھولی میں ڈال دیا ہے ۔دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے اس منصوبے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی اور اس قیمتی خزانے کو کوڑیوں کے بھاوٴنام نہاد کمپنی کو فروخت کیا لیکن پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے یہ کوشش ناکام بناکرقیمتی خزانے عوام کے سامنے پیش کردےئے ہیں۔

چنیوٹ رجوعہ میں ملنے والا خزانہ صرف پنجاب کے 10کروڑ عوام کی ملکیت نہیں بلکہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ملکیت ہے اوریہ اللہ تعالیٰ کا خاص تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود، انہیں تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔2017ء تک پنجاب کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ خادم پنجاب گرین روڈ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے رواں برس اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔

ملتان میں میٹروبس پراجیکٹ کا بہت جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گاجبکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کا اگلے ماہ افتتاح ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کی ساڑھے چھ برس تک بے لوث خدمت کی ہے ۔صوبے میں میرٹ ،شفافیت اورترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے ۔کوئی ہم پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا ۔

محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا انتہائی ضروری ہے اوراس نظام کو پاش پاش کر نا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اورپیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف ملے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے ہر دور میں صوبے کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کر عوام پر خرچ کی ہے،کوئی ہم پر انگلی نہیں اٹھاسکتا ۔بجلی کے منصوبوں کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے ۔اپنا پیٹ کاٹ کر بجلی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے وسائل فراہم کریں گے۔تقریروں کا وقت گزر چکا ہے اب عملی میدان میں کام کرکے دکھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی سے بجلی کے منصوبے لگانے کیلئے کام کیا جاررہا ہے ۔

پنجاب میں ایل این جی سے 1200میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے ۔اگلے اڑھائی برس میں 1200میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ملک و قوم کی قسمت سنوارنے کیلئے سادگی اورکفایت شعاری اختیار کرکے بچائے گئے وسائل بجلی کے کارخانے لگانے کیلئے استعمال کریں گے۔ بجلی کے حصول کیلئے مجھے جہاں بھی جانا پڑا میں جاوٴں گا۔انہوں نے کہا کہ آپ سب کو ایک ٹیم بن کر شبانہ روز محنت کرنا ہے اور صوبے کے عوام کی خدمت کا ریکارڈ قائم کرنا ہے ۔

عوام کی خدمت اور توانائی منصوبوں کی تکمیل کیلئے میں اپنی جان لڑادوں گااورآپ کو بھی اس کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا ہے اور ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا۔مجھے یقین ہے کہ اگر آپ سب ایک ٹیم ورک کے طور پر عوام کی خدمت میں جت جائیں تو یہ ملک اندھیروں سے نکل کر اجالوں میں آجائے گااورآئندہ نسلیں آپ کو دعائیں دیں گی۔

میرا ایمان ہے کہ آپ سب میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اورآپ کا یہ ٹیلنٹ پنجاب کے عوام کی بہتری کیلئے استعمال ہوناچاہیے۔وزیراعلیٰ نے سانحہ پشاور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 16 دسمبر 2014ء کو پشاور کے سکول میں150معصوم بچوں اور اساتذہ کو بدترین بربریت اورسفاکانہ دہشت گردی کانشانہ بنایاگیا جس نے پوری قوم کو اشکبار کیا۔عصر حاضر کی تاریخ میں دہشت گردی کا یہ ایک بدترین واقعہ ہے۔

معصوم بچوں کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکسو اورمتحد ہوچکی ہے اوردہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکی ہے ۔پنجاب میں دہشت گردی،انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہے ہیں۔دہشت گردی کے ناسورکا خاتمہ عوام کے اتحاد کی طاقت سے کرکے دم لیں گے اورانشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے عوام کی تکالیف اور مسائل خوشیوں اور راحتوں میں تبدیل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :