صوبے کے دور دراز علاقوں میں بسنے والی زیادہ تر آبادی کی آمدن کا انحصار لائیو سٹاک سے وابستہ ہے،محب اللہ خان

جمعہ 27 فروری 2015 21:11

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں بسنے والی زیادہ تر آبادی کی آمدن کا انحصار لائیو سٹاک سے وابستہ ہے اور حکومت اس شعبہ کی ترقی کیلئے مویشی پال کسانوں کو مختلف پیکجز فراہم کر رہی ہے تاکہ ان کی آمدن میں اضافہ ہو اورصوبے کی معیشت بھی مستحکم ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے میٹ اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام پشاور میں زمینداروں کے لئے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف اضلاع کے زمینداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے پرا جیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اسلام نے خطاب کر تے ہوئے معاون خصوصی کو بتایا کہ مذکورہ پراجیکٹ کے تحت حکومت کی طرف سے ڈیری فارمز کے مالکان کو مفت چارہ کترہ کرنے کی مشین،جانوروں کیلئے ویکسینیشن اور ادویات، ہتھ ریڑھی،جانورں کے لئے الاؤنس اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

محب اللہ خان نے ورکشاپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیت سے زمیندار جدید طریقوں سے روشناس ہوکر اپنے روزگار اور آمدن کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ معیشت کومستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر تربیت حاصل کرنے والے زمینداروں اسناد بھی تقسیم کیں۔