شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر واٹربورڈ میں رین ایمرجنسی نافذ ،تمام انجینئرز اور عملہ کو ریڈ الرٹ کردیاگیا

جمعہ 27 فروری 2015 21:00

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء)صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پرایم واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے واٹربورڈ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ،تمام انجینئرز اور عملہ کو ریڈ الرٹ کردیا ہے ،انہوں نے انجینئرز اور متعلقہ عملہ کوہدایات جاری کردی ہیں کہ بارش کے دوران ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر متبادل انتظامات بھی فوری طور پر مکمل کرلئے جائیں ،مشینری وآلات اور دیگر ضروری سامان کو تیاررکھا جائے ، ایم ڈی واٹر بورڈ نے تمام ضلعی چیف انجینئرزکو پابند کیا ہے کہ ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنربلدیہ عظمیٰ ،ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے ساتھ مکمل رابطہ بحال رکھیں،جبکہ بارشوں کے دوران بلدیہ عظمیٰ سے بھی رابطہ میں رہتے ہوئے مو ثر حکمت عملی وضع کریں اور ان سے بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں ، واٹر بورڈ کے تمام زونل دفاتر میں بھی رین ایمر جنسی سینٹرز قائم کردیئے ہیں جہاں 24گھنٹوں کے دوران تین شفٹوں میں افسران وعملہ موجود رہے گا تاکہ فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے ، علاوہ ازیں ایم ڈی واٹر بورڈ نے نور محمد چوہان چیف انجینئر الیکٹریکل و مکینیکل اور چیف انجینئر سیوریج امجد حبیب کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے، جو بارشوں کے دوران کمشنر کراچی ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی ،تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں سے باہمی رابطہ میں رہتے ہوئے ضروری اقدامات کریں گے،ایم ڈی واٹر بورڈ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ مین ہولز پر ڈھکنوں کی موجودگی کو یقینی بنایاجائے تاکہ بارش کے دوران کسی قسم کے حادثات رونما نہ ہوسکیں ،انہوں نے تمام چیف انجینئرزکو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہبجلی کی عدم فراہمی یا لوڈ شیڈنگ کی صورت میں تمام پمپنگ اسٹیشنزڈیزل سے چلائے جائیں ،سیوریج پمپنگ اسٹیشنز میں بھی جنریٹر کے ذریعے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور نکاسی آب کی لائنوں کو بھی رواں رکھا جائے تاکہ سیوریج لائنیں چوک نہ ہوسکیں ،اس مقصد کے لئے جیٹنگ مشینیں، راڈنگ مشینیں ،سیور کلینگ مشینوں کو استعمال میں لایا جائے ، برسات کے دوران ہرطرح کی شکایات کا ازالہ کیا جائے ،ایم ڈی واٹر بورڈنے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے گٹروں کے ڈھکنوں کو ہرگز نہ ہٹائیں اور نہ ہی گٹروں کو توڑا جائے کیونکہ بارش کے پانی کے ساتھ ان میں مٹی ریت اورکچرا ،پلاسٹک بیگزاور منرل واٹر کی بوتلیں جو مین ہولز کور ہٹانے کی وجہ سے سیوریج لائنوں میں چلی جاتی ہیں جس کی وجہ سے سے گٹر اوور فلو ہوجاتے ہیں اورسیوریج لائنیں چوک ہونے سے سیوریج کا نظام بری طرح متاثر ہوتاہے،بارش کے دوران کسی بھی ممکنہ شکایات کے ازالہ کے لئے فون نمبر1339 پر 24 گھنٹے شکایات کا اندراج کرائیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہنگامی صورتحال ،رین ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈی ایم ڈی ٹیکنکل سروسز جمیل اختر ،چیف انجینئر نورمحمد چوہان امجد حبیب اور اسد اللہ خان و دیگر افسران کے ہمراہ شہر کا ہنگامی دورہ کیا،انہوں نے واٹر بورڈ کی تنصیبات ،تمام پمپنگ اسٹیشنزکا دورہ کیااور افسران واسٹاف کو ضروری ہدایات دیں ،انہوں نے ڈی ایم ڈی ٹی ایس کو ہدایت کی کہ وزیر بلدیات وچیئرمین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ متوقع بارش کے دوران فراہمی ونکاسی آب کا نظام رواں رکھا جاسکے ،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بارش کے دوران بہترین ومثالی کارکردگی کا عملی مظاہرہ ہوگا ۔