ملک میں اسلام کے نفاذ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمران ہیں،پروفسیرابراہیم،

جماعت اسلامی ملک میں مدینہ جیسی اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے، پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے قوم بھی ہمارا ساتھ دے، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

جمعہ 27 فروری 2015 21:00

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخو اپروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاہے کہ ملک میں اسلام کے نفاذ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمران ہیں۔مسلمانوں کے حاکم اللہ کے باغی اور امریکہ کے غلام بن چکے ہیں۔فرانس کے اخبار نے محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کی لیکن مسلم حکمران ٹس سے مس نہیں ہوئے۔فرانسیسی حکومت اور رسالے کی حضورﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

کفار محمد ﷺ کی توہین میں لگے ہوئے ہیں جبکہ امت آپس کی لڑائیوں میں مصروف ہے۔ امت کو محمد ﷺ کی پروی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں مدینہ جیسی اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے ۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے قوم بھی ہمارا ساتھ دے۔وہ جامعہ عربیہ حدیقة العلوم المرکز اسلامی پشاور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت بعد جب فرانس ہی کے دو مسلمانوں نے کاروائی کی اورگستاخوں کو انجام تک پہنچایا تو فرانسیسی صدر نے 40ممالک کے سربراہان اور لاکھوں عوام کے ہمراہ احتجاج کیا اور اعلان کیا کہ ہم آئندہ بھی ایسا کرتے رہیں گے۔ لیکن مسلمان حکمرانوں نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ چھپن اسلامی ممالک میں صرف ترکی ہی کو فرانس سے تعلقات ختم کرنے کی جرأت ہوئی۔

ترکی کا یہ عمل قابل تحسین ہے۔ مسلمان حکمران ذرا سا بھی غصے کا اظہار کرتے تو فرانس یا کسی اور کو اس قسم کی حرکت کرنے کی جرأت نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اس کائنات کا حقیقی بادشاہ اللہ تعالیٰ ہے باقی سب بے اختیار ہیں۔ اس وقت پورا عالم اسلام مشکلات اور مصائب کا شکار ہے اور اس کی بڑی وجہ عالم اسلام پر مسلط امریکہ نواز حکمران ہیں جو ڈالرز کے حصول کے لئے امریکہ کے سامنے سجدہ ریز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی تعلیمات انسانیت کے لئے کامیابی کی ضامن ہیں۔ دین، اللہ اور محمد ﷺ کا مذاق اڑانے والے بے وقوف ہیں اور ان کی دنیا و آخرت دونوں تباہ ہیں۔مسلمان اور حکمرانوں کو نبی ﷺ کی توہین پر غصہ نہیں آتا تو کس بات پر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مصیبت کی ہر گھڑی میں قوم کا ساتھ دیا ہے اور اس کا دامن ہمیشہ صاف رہا ہے ۔ اس کے کسی وزیر یا نمائندے پر آج تک کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا۔ جماعت اسلامی ملک میں امانت اور دیانت کا دوسرا نام ہے۔ اگر قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور ملک میں اسلامی پاکستان ۔۔۔خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں تعاون کرے تو ملک میں عملی طور پر اسلامی نظام نافذ ہوجائے گااور عوام کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :