سعودی عرب میں بھارتی اور پاکستانی شہری کے سر قلم

جمعہ 27 فروری 2015 20:58

سعودی عرب میں بھارتی اور پاکستانی شہری کے سر قلم

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27فروری۔2015ء) سعودی عرب میں ایک بھارتی اور ایک پاکستانی شہری کے سر قلم کر دیے گئے۔ اس طرح اس سال سعودی عرب میں اب تک سر قلم کرتے ہوئے دی جانے والی موت کی سزائوں کی کل تعداد چونتیس ہو گئی ہے۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی نے وزارتِ داخلہ کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ وِجے کمار سلیم کا تعلق بھارت سے تھا اور اسے ایک یمنی شہری کو سر میں کلہاڑی مار کر قتل کرنے کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ سلیم اور اس یمنی شہری کے درمیان جھگڑا اس فارم پر ہوا تھا جہاں یہ دونوں کام کرتے تھے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وِجے کمار سلیم کی سزائے موت پر عملدرآمد دارالحکومت ریاض میں کیا گیا۔ جبکہ ہیروئن سمگل کرنے کے الزام میں ایک پاکستانی شہری حافظ وفاق رسول شاہ کا سر بھی قلم کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کی سزا پر عملدرآمد مدینہ میں کیا گیا۔

وزارتِ داخلہ کے ایک الگ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پاکستانی شہری کے خلاف جو تحقیقات کی گئیں ان کے نتیجے میں اِس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا تھا جس کے بعد اس پر مقدمہ چلایا گیا اور موت کی سزا سنائی گئی۔ سعودی عرب میں منشیات کی سمگلنگ کے لئے موت کی سزا کا قانون ہے۔ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ہر طرح کی منشیات کے خلاف جدوجہد کا تہیہ کئے ہوئے ہے کیونکہ یہ انسانوں کو جسمانی طور پر بھی اور سماجی طور پر بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔ مزید یہ کہ قتل کے واقعات میں سزائے موت کا مقصد سکیورٹی کو برقرار رکھنا اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا ہے۔ سعودی عرب میں جو سخت شرعی قوانین رائج ہیں ان کے تحت منشیات کی سمگلنگ، آبرو ریزی، قتل، ارتداد اور ڈاکے کے لئے موت کی سزا دی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :