شجرکاری مہم کوکامیاب بنانے کیلئے عوام اپنی شرکت یقینی بنائیں،کمشنرمردان

جمعہ 27 فروری 2015 20:55

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء)کمشنر مردان ڈویژن خالد حسین نے کہا ہے کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ شریک کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ امسال خیبر پختونخوا میں جاری بلین ٹری سونامی کے سلسلے میں مردان فارسٹ ڈویژن میں چھ لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ وہ کمشنر ہاوٴس میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے بعد بات چیت کر رہے تھے ،اس موقع پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر عبدالمنان اور محکمہ ماحولیات کے دیگر افسران واہلکا ر بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر کمشنر مردان کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایف او مردان نے بتایا کہ مردان اور صوابی میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کامیابی سے جاری ہے جس میں محکمہ کی جانب سے تین لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ تین لاکھ پودے سکولوں کالجوں ، سرکاری وغیر سرکاری اداروں اور عوام میں تقسیم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اس موسم کے دوران شیشم، کیکر ، پلوسہ ، بیرہ ، چیڑ ، بکائن اور پاپلر کے درخت لگائے جارہے ہیں جس سے نہ صر ف ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ ملکی معیشت بھی بہتر ہوگی ۔

کمشنر مردان نے محکمہ کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ اس کی حفاظت اور نشونما کے لیے بھی مناسب اقدامات کیے جائیں اور حکومت کی ہدایات کے مطابق ٹمبر مافیا کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے۔