Live Updates

سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی والے بے نقاب ہونگے ، حیدر خان ہوتی،

اصولوں کی سیاست ،تبدیلی کے دعویداروں نے اپنی پارٹی سرمایہ داروں کے قدموں میں رکھ دی ہے صوبائی حکومت مرکز کے سامنے صوبے کا کیس لڑنے میں تاحال ناکام ہے ،سابق وزیراعلیٰ کاشمولیتی اجتماع سے خطاب

جمعہ 27 فروری 2015 18:43

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) سابق وزیراعلیٰ اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرامیرحیدرخان ہوتی ایم این اے نے کہاہے کہ اصولوں کی سیاست اور تبدیلی کے دعویداروں نے اپنی پارٹی سرمایہ داروں کے قدموں میں رکھ دی ہے، سینٹ انتخابات میں پی ٹی آئی والے بے نقاب ہوں گے ،عمران خان نے وزیراعظم بننے کے چکر میں پختون قوم اور پختون خوا کو بھلادیاہے ہماری منزل اقتدار نہیں پختونوں کی خدمت ہے،صوبائی حکومت مرکز کے سامنے صوبے کا کیس لڑنے میں تاحال ناکام ہے وہ جمعہ کی شام یونین کونسل مردان خاص میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس میں قومی وطن پارٹی کے سابق امیدوار اسمبلی سریراحمد خان کے بھانجے اخترکمال ،بشیرخان،محمد قرار خان ،حمید خان اور حاجی سید محمد خان نے اپنے خاندانوں اورساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی سے مستعفی ہوکر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا امیرحیدرخان ہوتی نے نئے شامل ہونے والے افراد کو ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں مبارک باددی اجتماع سے اے این پی ضلع مردان کے صدر حمایت اللہ مایار ،جنرل سیکرٹری لطیف الرحمان اوراخترکمال خان نے بھی خطاب کیا امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ سینٹ انتخابات پی ٹی آئی کے لئے اصل امتحان ہے وہ خود اپنے ممبران پر شکی ہیں انہوں نے کہاکہ عمران خان کے اصول بھی نرالے ہیں پہلے کہتے رہے کہ دیگر پارٹیاں سرمایہ داروں نے یرغمال بنائی ہیں لیکن کپتان نے سینٹ انتخابات میں اپنی ہی پارٹی کو لیاقت ترکئی اور محسن عزیز جیسے سرمایہ داروں کے گود میں ڈال دی جبکہ لیاقت ترکئی جو اپنی جمہوری وطن پارٹی کے بانی ہیں کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوکر سیاست میں نئی روایات قائم کیں انہوں نے کہاکہ پختون قوم بیدار ہوچکی ہے اور وہ پی ٹی آئی کی جعلی تبدیلی سے خیبرپختون خوا کو آزاد کراکر دم لیں گے انہوں نے کہاکہ عمران خان کے پاس پختون قوم کی کوئی فکر نہیں ان پر وزیراعظم بننے کا بھوت سوار ہوگیاہے اور وہ پختون قوم اور پختون خوا کو بھول گئے ہیں اے این پی کے صوبائی صدر نے کہاکہ ہم نہ اسلام آباد اورہی لاہور کا اقتدارچاہتے ہیں ہمار ا مقصد پختون قوم کی خدمت ہے اوراس مقصد کے لئے چترال سے ڈیر ہ اسماعیل خان تک پختونوں کو سرخ تلے جھنڈے اکھٹا کرنے کے لئے میدان میں نکلے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور میں مرکز سے صوبے کے حقوق کا کیس ڈٹ کر لڑا اور مرکز سے اربوں روپے لے کر ایک ہی رات میں ترقیاتی بجٹ میں اسی فیصد اضافہ کیا جبکہ موجودہ حکومت گذشتہ ڈیڑھ سال میں مرکزی حکومت سے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ انہوں نے اپنے دورمیں پورے صوبے کی یکساں خدمت کی ہے اور کسی دوسرے ضلع کا حق نہیں چھینا مردان کو اس کا حق دلاکر یہاں کے عوام کے محرومیوں کا ازالہ کیاہے امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ مردان کو روشنیوں کا شہر بنادیاہے اے این پی کے صوبائی صدر نے کہاکہ بطور وزیراعلیٰ انہوں نے پانچ سال تک صوبے کی یکساں خدمت کی اب پارٹی کے صوبائی صدر کی حیثیت سے گاوٴں گاوٴں اور گھر گھر جاکر پختونوں کو جرگوں کے ذریعے سرخ جھنڈے تلے اکٹھا کروں گا انہوں نے کہاکہ عمران خان اب تبدیلی کے نعرے لگارہے ہیں جبکہ اے این پی نے پانچ سال قبل صوبے میں خیبرپختون خوا میں تبدیلی لاکر دکھائی اورصوبے کو نام کے شناخت ،این ایف سی ایوارڈ سمیت مرکز سے وہ تمام مراعات لی ہیں جو گذشتہ ساٹھ سالوں میں کسی بھی صوبائی حکومت نے حاصل نہیں کئے تھے انہوں نے کہاکہ ہمارے دورمیں9 یونیورسٹیاں ،سینکڑوں سکول ، کالجز،ہسپتال ،پارک اور ون ون ٹوٹو جیسے ادارے قائم کئے گئے اقتدار میں آکر ون ون ٹوٹو کا دائرہ مزید اضلاع تک بڑھایاجائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات