Live Updates

اسحاق ڈار وزیر خزانہ نہیں ڈپٹی وزیر اعظم ہیں، (ن) لیگ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ،مئی سے پہلے بہت کچھ تبدیل ہو جائیگا‘گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کرنے نہیں دینگے ، کرپٹ سیاستدانوں نے کرپشن سے دبئی میں اربوں کی جائیدادیں بنائی ہیں‘موجودہ دور میں لوڈشیڈنگ بڑھے گی‘ پیپلز پارٹی 480 ارب کا گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی‘ این اے 122 کی انکوائری سے پورا الیکشن بے نقاب ہو گا‘خیبرپختونخوا میں دوسرے صوبوں کی نسبت سب سے زیادہ سرمایہ کاری لاؤں گا‘ کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار نواز شریف ہیں، ماجد خان کوپی سی بی کا چیئرمین مقرر کیاجائے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 27 فروری 2015 17:27

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار وزیر خزانہ نہیں، ڈپٹی وزیر اعظم ہیں، (ن) لیگ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ،مئی 2015ء سے پہلے بہت کچھ تبدیل ہو جائے گا، حکومت کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کرنے نہیں دوں گا، کرپٹ سیاستدان نے ملک میں کرپشن کر کے دبئی میں 430 ارب کی جائیدادیں بنائیں ، حکومت کی مدت کے خاتمے تک لوڈشیڈنگ کم نہیں ہو گی بلکہ مزید بڑھے گی، دوسرے صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری لاؤں گا، پیپلز پارٹی کی حکومت 480 ارب کا گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی، این اے 122کی انکوائری سے 2013 کا پورا الیکشن بے نقاب ہو جائے گا،کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار وزیر اعظم نواز شریف ہیں، نجم سیٹھی کو الیکشن میں پنکچرلگانے کے انعام کے طور پر پی سی بی کا چیئرمین لگایا گیا، ماجد خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقررکردیا جائے تو پی سی بی کا ڈھانچہ درست ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

دبئی سے واپسی پر جمعہ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سینیٹ انتخابات میں ارکان کی بولی لگا رہی ہے، حکومت 2013 کے الیکشن کی طرح گلت بلتستان کے انتخابات میں بھی اپنے ایمپائر کھڑے کر کے دھاندلی کرنے جا رہی ہے، مگر اس بار میں گلگت بلتستان انتخابات میں حکومت کو دھاندلی کرنے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں (ن) لیگ کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ کیسے پڑ گئے،2013ء کے انتخابات میں 70لاکھ جعلی ووٹ ڈالے گے۔

این اے 122میں بہت بڑی دھاندلی ہوئی، این اے 122 میں ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانا چاہتا ہوں، جس کا رزلٹ آنے سے مئی 2013ء کا الیکشن بے نقاب ہو جائے گا، حکومت نے جوڈیشل کمیشن نہ بنایا تو تحریک چلاؤں گا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے کرپشن کا پیسہ بیرون ملک جا رہا ہے، دبئی میں بھی پاکستانیوں نے 1430 ارب کی جائیدد خریدی ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت 480 ارب کا گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی تباہی آئی، عمران خان نے کہا کہ حقیقی تبدیلی تب آئی ہے جب عوام اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار وزیر اعظم نواز شریف ہیں، نجم سیٹھی کو الیکشن میں پنکچرلگانے کے انعام کے طور پر پی سی بی کا چیئرمین لگایا گیا، ماجد خان کو پی سی بی کا چیئرمین لگا دی جائے تو پی سی بی کا ڈھانچہ درست ہو جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات