ہارس ٹریڈنگ تو سنی تھی سینٹ کیلئے ہارس ٹریڈنگ نہیں کھوتا ٹریڈنگ ہورہی ہے‘ موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کی وجہ سے بڑے فیصلے کرنے سے قاصر ہے‘ سینٹ کا انتخابی نظام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے‘ تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل بنانا چاہئے‘ وزیراعظم نے پارلیمانی لیڈروں کے اجلاس میں ہمیں شرکت کی دعوت نہیں دی

مسلم لیگ (ق) صدر چوہدری شجاعت حسین کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

جمعہ 27 فروری 2015 16:27

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) مسلم لیگ (ق) صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہم نے ہارس ٹریڈنگ تو سنی تھی سینٹ کیلئے ہارس ٹریڈنگ نہیں کھوتا ٹریڈنگ ہورہی ہے‘ موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اسی لئے بڑے فیصلے کرنے سے قاصر ہے‘ سینٹ کا انتخابی نظام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے‘ تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل بنانا چاہئے‘ وزیراعظم نے پارلیمانی لیڈروں کے اجلاس میں ہمیں شرکت کی دعوت نہیں دی۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نظام موجود نہیں کہ ووٹر کا نام ووٹ پر لکھا جائے یہ ووٹر کے ساتھ زیادتی ہے انتخابات خفیہ یا اوپن ہوں لیکن نظام میں بہتری ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات پہلے بھی ہوتے آرہے ہیں اور ہوتے رہیں گے یہ کوئی آخری انتکابات نہیں ہیں موجودہ الیکشن کو چلنے دیں آئندہ کے لئے کوئی تبدیلی لانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی پہلے بھی خرید و فروخت ہوتی تھی لیکن اب اس سسٹم کو ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمہ کے لئے میں اور مشاہد حسین سید سپریم کورٹ بھی گئے تھے کہ اس نظام کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت گھبرائی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے کوئی فیصلہ کرنے سے قاصر ہے ایک سوال پر کہ کھوتا ٹریڈنگ کونسی نسل کی ہورہی ہے تو انہوں نے کہا کہ کھوتے کی نسل کو دیکھنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ جب تک سینٹ کا انتخابی نظام تبدیل نہیں ہوتا کھوتا ٹریڈنگ نہیں روکی جاسکتی۔