محکمہ زکوة پنجاب نے ویب سائٹ لانچ کردی، گھر بیٹھے امداد کے لئے درخواست دینا ممکن ہوگیا

جمعہ 27 فروری 2015 16:09

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) محکمہ زکوة و عشر پنجاب نے اپنی ویب سائٹ لانچ کردی ہے جس پر مستحقین کی رہنمائی کے لیے تمام معلومات اور طریقہ کار فراہم کردیا گیاہے،ویب سائٹ پر محکمہ کے قواعد و ضوابط اور درخواست فارم کے علاوہ 24ہزار مقامی زکوة کمیٹیوں کے کوائف فراہم کردئیے گئے ہیں جبکہ سکالر شپ ، گزارا الاؤنس ، بلائنڈ فنڈ، میرج گرانٹ اور دیگر ہر قسم کی امداد کی اہلیت کا طریقہ کار اور فارمز ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکیں گے اورمستحقین کومعلومات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔

صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے یہ بات یہاں ایڈمنسٹریٹر زکوة کے دفتر میں محکمہ کی ویب سائٹ کی لانچنگ اور افسران کی تربیتی ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری زکوة و عشر حبیب الرحمان گیلانی، ایڈمنسٹریٹر زکوة محمد یوسف بٹ اور صوبہ بھر کے ضلعی افسران زکوة بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا کہ محکمہ نے مستحقین کی مستقل بحالی کے لیے سکیم کااجراء کردیا ہے اورپائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 5اضلاع میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس سے تربیت حاصل کرنے والوں کو 4کروڑ روپے دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت مستحقین کو اتنی مالی مدد فراہم کی جائے گی کہ وہ اپنا ذاتی کاروبار شروع کرسکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ زکوة کی مختلف مدات کے تحت مدد حاصل کرنے والے تمام مستحقین کا ریکارڈ 100فیصد کمپیوٹرائزڈ کردیا گیاہے جس سے ان کی شناخت میں آسانی ہوئی ہے بلکہ فرضی/جعلی مستحقین کا بھی خاتمہ ممکن ہوا ہے۔انہوں نے لوگوں میں زکوة بارے آگاہی کے لیے صوبہ بھر میں تقریبات کا انعقاد ،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں تشہیری مہم ، بروشر اور معلوماتی کتابچے عوام میں تقسیم کئے جائیں گے-انہوں نے کہا کہ عوام آگہی کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے اور محکمہ کی فیس بک بیج کا بھی اجراء کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایزی پیسہ کے ذریعے مستحقین کو فنڈ کی فراہمی کے لیے 3اضلاع میں شروع کئے جانے والے منصوبے کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار کو 18اضلاع تک بڑھا یا جارہاہے۔ صوبائی وزیر نے تربیت حاصل کرنے والے افسران کو ہدایت کی کہ مستحقین کی خدمت اور انہیں فنڈز کے حصول میں مدد فراہم کرنا ان کی نہ صرف محکمانہ بلکہ مذہبی ذمہ داری بھی ہے اس لئے انہیں اپنے فرائض منصبی مزید تندہی اورخوش اسلوبی سے انجام دینے چاہئیں-صوبائی وزیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کے چیمبر آف کامرس اور علاقے کے مخیرحضرات سے ملاقاتیں کریں اور انہیں محکمہ زکوة میں عطیات و زکوة کی رقوم جمع کروانے پر آمادہ کریں-انہوں نے کہا کہ تمام زکوة افسران اپنے دفاتر میں محکمہ کو زکوة کی رقوم دینے بارے طریقہ کار اور بنک اکاؤنٹ پر مبنی بینر بھی آویزاں کریں۔

متعلقہ عنوان :