ورلڈ کپ 2015ء :ڈیویلیئرز کا لاٹھی چارج ویسٹ انڈیز کو لے ڈوبا

جمعہ 27 فروری 2015 15:27

ورلڈ کپ 2015ء :ڈیویلیئرز کا لاٹھی چارج ویسٹ انڈیز کو لے ڈوبا
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27۔فروری 2015ء ) اے بی ڈیویلیئرز کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 257رنز سے شکست دیدی ہے ۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں جنو بی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کوئنٹن ڈی کوک ایک بار پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد ہاشم آملا اور ڈوپلیسی نے دوسری وکٹ کی شراکت کے لیے 127رنز کی شراکت داری قائم کی ۔

کرس گیل کے ایک ہی اوور میں ڈوپلیسی اور آملا کے آؤٹ ہونے سے پروٹیز ٹیم پریشر میں آئی تاہم ڈیویلیئرز اور روسوو نے 134رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے پروٹیز کی پوزیشن مستحکم کر دی ۔ روسوو 61بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اے بی ڈیویلیئرز نے ورلڈ کپ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری بنا ڈالی ۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ نے مقررہ 50اوورز میں 5وکٹوں پر 408رنز بنائے ۔

ڈویلیئرز 66گیندوں پر8چھکوں اور 17چوکوں کی مدد سے 162رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے رسل اورگیل نے 2،2جبکہ ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ ویسٹ انڈیز کا کوئی بلے باز پروٹیز باؤلرز کے حملوں کی تاب نہ سکا اور پوری ٹیم 33.1 اوورز میں 151رنز پر پوویلین لوٹ گئی ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 56،ڈووین سمتھ نے 31اور رامدین نے 22رنز بنائے ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لیگ سپنر عمران طاہر نے کیریئر میں پہلی مرتبہ 5وکٹیں حاصل کیں ۔ انکے علاوہ ایبٹ اور مورکل نے 2،2اور سٹین نے 1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز کو اپنی دھواں دھار سنچری پر میچ کا بہترین کھلا ڑی قرار دیاگیا۔اس فتح کیساتھ جنو بی افریقہ نے ورلڈ کپ میچ زیادہ رنز سے فتح کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ۔