استاد شاگرد نظام ‘غیر مستند افرادی قوت کیلئے شارٹ کورسز کا اجراء اپریل سے ہوگا‘عرفان قیصر شیخ

جمعہ 27 فروری 2015 14:21

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015)ٹیوٹا استاد شاگرد نظام کے تحت غیر مستند افرادی قوت کو اہل قرار دینے کیلئے اپنے اداروں میں شارٹ کورسز کا اجراء اپریل 2015سے کرے گی جس کے بعد وہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے علاوہ بیرون ملک ملازمت کیلئے اہل قرار دئے جاسکیں گے ،اس مہم کو شروع کرنے کیلئے معیاری طریقہ کار کے عمل کوتیار کیا جارہا ہے جسے جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اس طریق کار سے غیر مستند ہنر مند افرادی قوت کو داخلے کیلئے آسانی ہوگی۔ان خیالات کااظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے استاد شاگرد نظام کے تحت شارٹ کورسز کے اجراء کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، جنرل منیجر (آپریشنز) حامد غنی انجم ،جنرل منیجر(فنانس) عبدالقیوم، جنرل منیجر ( اکیڈمکس ) اظہر اقبال شاد اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ تین ماہ دورانیہ کے شارٹ کورسز میں داخلہ کیلئے کم از کم عمر کی حد 19سال بمع کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ‘کم از کم 2 سال کاصنعتی تجربہ ،پہلے سے کسی تربیت کا ثبوت ، ملازمت کے ریکارڈ ، آجر /مالکان کی جانب سے مہارت کے استعمال اور حوالہ شامل ہونگے۔داخلے کیلئے جامع درجہ بندی(علم ، مہارت اور رجحان) تربیتی اور عملی تعلیم کے حساب پر مبنی خود تشخیصی بنیاد پر کی جائے گی۔

چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کے لیے حتمی انتخاب خود کارتخمینہ ، انٹرویو اور عملی ٹیسٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔ امیدواروں کیلئے داخلہ، رجسٹریشن اور دیگر اخراجات کیلئے 5000 روپے فیس لی جائے گی۔ٹیوٹاابتدائی مرحلے میں15 شارٹ کورسز شروع کر رہی ہے جس میں آٹو الیکٹریشن ، آٹو کیڈ (سول) ،مشین ایمبرائیڈری، میسن ، پلمبر اور سینیٹری انسٹالر ،الیکٹریشن، آٹو میکینک (پٹرول) ، ٹیلرنگ، سٹیل فکسر ، ویلڈر، مشینسٹ، موٹر سائیکل میکینک ، ایچ وی اے سی آر،بیوٹیشن اور بلڈنگ پینٹر شامل ہیں۔ کورس سے فارغ التحصیل کو ٹیوٹا سرٹیفکیٹ ملنے پرمقامی و بین الاقوامی سطح پر مصدقہ ہنر مند افرادی قوت کے طور پر قبول کیا جائے گا ۔