سانحہ نانگا پربت میں ملوث ہائی پروفائل 2 دہشتگرد گلگت جیل سے فرار

جمعہ 27 فروری 2015 10:57

سانحہ نانگا پربت میں ملوث ہائی پروفائل 2 دہشتگرد گلگت جیل سے فرار

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27فروری 2015ء) گلگت ڈسٹرکٹ جیل سے بھاگنے کی کوشش پر ایک قیدی مارا گیا ، دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ،دو ہائی پروفائل قیدی فرار ہوگئے ، مفرور قیدیوں میں سے ایک سانحہ نانگا پربت میں ملوث ہے۔ گلگت ڈسٹرکٹ جیل سے رات گئے چار قیدیوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم جیل محافظوں کی فائرنگ سے سانحہ چلاس میں ملوث ایک دہشتگرد بلال مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی دلبر کو زخمی حالت میں پکڑ لیا گیا ۔

دو دہشتگرد حبیب الرحمان اور لیاقت فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

دہشت گرد حبیب الرحمان سانحہ نانگا پربت میں ملوث تھا ۔ 2013ءمیں نانگا پربت حملے میں 10غیر ملکیوں سمیت 11 سیاح قتل ہوئے تھے جبکہ دہشتگرد لیاقت، ایس ایس پی دیامر اور سیکورٹی افسروں کے قتل میں ملوث ہے ۔ دونوں قیدیوں کے کیسز ملٹری کورٹس میں ٹرائل ہونے تھے ۔ سیکورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ واقعہ پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سکندر سلطان راجہ نے جیل وارڈن سمیت تین اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ سیکرٹری گلگت بلتستان نے سیکرٹری داخلہ سبطین احمد کی سربراہی میں تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :