ڈینگی کے خلاف ابھی سے تمام تیاریاں آنے والے دنوں میں ڈینگی یلغار کو روکنے کے لیے ناگزیر ہیں‘ سید مبشر حسین،

طلبہ و طالبات ہمارے پیغام ”گھروں اور محلوں کی صفائی - ہر شہری کی ذمہ داری“ کو ہر ایک تک پہنچائیں گے ‘ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ محنت

جمعرات 26 فروری 2015 23:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ محنت و افرادی وسائل پنجاب سید مبشر حسین نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لیے آگاہی و شعور ہی کامیابی کی کلید ضمانت ہے اور باشعور قوم ہی کٹھن آزمائشوں سے فتح یاب باہر نکل سکتی ہے،ڈینگی کے خلاف ابھی سے تمام تیاریاں آنے والے دنوں میں ڈینگی یلغار کو روکنے کے لیے ناگزیر ہیں، طلبہ و طالبات معاشرے کا انتہائی سمجھ دار اور متحرک طبقہ ہوتے ہیں،یہ ہمارے پیغام ”گھروں اور محلوں کی صفائی - ہر شہری کی ذمہ داری“ کو ہر ایک تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ محنت و افرادی وسائل سید مبشر حسین نے ان خیالات کا اظہار انسداد ڈینگی راوی ٹاؤن کمیٹی کے زیر اہتمام عائشہ ڈگری کالج لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا- سیمینار سے ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن خضر حیات، پرنسپل عائشہ ڈگری کالج زاہدہ کوثر اور ٹی ایم او راوی ٹاؤن ملک ابرار نے بھی خطاب کیا- ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن نے کہا کہ وہ گزشتہ سالوں کے تجزیہ کے بعد تمام یونین کونسلوں کو مختلف درجوں میں تقسیم کرکے انسداد ڈینگی کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں- پرنسپل کالج زاہدہ کوثر نے کہا کہ معاشرہ کے تمام طبقات کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ڈینگی بچاؤ اقدامات و تدابیر پر عمل کرنا چاہیے جب گھر کا ہر فرد اپنے گھر کو صاف رکھے گا تو ڈینگی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :