کوئٹہ،سیکرٹری اطلاعات عبداللہ جان کا لسبیلہ پریس کلب کا دورہ

جمعرات 26 فروری 2015 23:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) سیکریٹری اطلاعات عبداللہ جان نے جمعرات کے روز لسبیلہ پریس کلب حب کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر حب نعیم جان گچکی ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد عظیم ساجدی، سیکٹر انچارج انفارمیشن شیر احمد بنگلزئی بھی تھے۔لسبیلہ پریس کلب کے نائب صدر راؤاخترعلی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری قادرسیناں، سینئر صحافی فاروق بلوچ اور غلام مرتضیٰ شیخ نے ان کا لسبیلہ پریس کلب آمد پر استقبال کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے بہت ترقی کی ہے صحافی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے علاقے کے سیاسی،سماجی و معاشی مسائل کو مثبت اندازمیں اجاگر کریں اور ان کے حل میں اپنا کرداراداکریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کی نسبت یہاں کا ماحول مختلف ہے۔

ہمارے ہاں ماحول روایتی قسم کاہے صحافی برادری جس انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے ۔ہمیں ان کا پورااحساس ہے ہماری کوشش ہوگی کہ صوبہ کے تمام پریس کلبوں کو موجودہ دور کے مطابق جدید سہولیات فراہم کریں انہوں نے کہا کہ سیکریٹری انفارمیشن آفس حب کے قیام سے محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہونگے اور ان کے حل میں آسانی ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں کو چاہئے کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو اپنے اخبارات اور چینلز میں اجاگر کریں تاکہ عام آدمی کو حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہی میسر ہو۔