پشاور کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، اس مقصد کے لئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں ، دہشت گردی کے باعث ملک بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا ایک آگ میں جل رہا ہے، ہمیں بیک وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے اس صورتحال کے پیش نظر عوام اور تاجر برادری نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں،

سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرکاتاجر برادری کے اجتماع سے خطاب

جمعرات 26 فروری 2015 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء ) سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ پشاور کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس مقصد کے لئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں وہ آج نشترآباد پشاور میں حلیم ٹاور میں پشاور چیمبرآف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے دفتر میں تاجر برادری کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر حاجی حلیم جان ، احتشام حلیم اور ملک مہرالٰہی نے بھی خطاب کیا ۔

سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث ملک بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا ایک آگ میں جل رہا ہے جس کے باعث ایک نازک صورت حال سے گزررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت بیک وقت کہیں ایک چیلنجز کا سامنا ہے اور اس صورتحال کے پیش نظر عوام اور تاجر برادری میں بیش بہا قربانیاں دیں ہیں ۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خلاف پشاور شہر میں جاری اپریشن کے حوالے سے سپیکر اسد قیصر نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ اس بارے میں وزیراعلیٰ، متعلقہ وزیر ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے بات کریں گے کہ وہ اس بارے میں تاجر برادری سے ملاقات کریں انہوں نے کہا کہ پشاور شہر کی خوبصورتی کے لئے رنگ روڈ سمیت مختلف سڑکوں پر کام جاری ہے جس کے لئے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔

تاجر برادری کی جانب سے پیش کئے گئے مختلف دیگر مسائل کے حوالے سے سپیکر اسد قیصر نے تاجر برادری کو تلقین کی کہ وہ اس بارے میں اپنے مسائل تحریری طور پر انہیں پیش کریں جس پر وہ یہ مسائل متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کو بھیج دیں گے جہاں پر اس بارے میں کھل کربات ہوگی ۔ تاجر برادری نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر سپیکر اسد قیصر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔