پختونوں نے جان و مال کے نذرانے پیش کرکے ملک و قوم کو محفوظ بنایا ،حکمرانوں نے ان کی قربانیوں کا کوئی صلہ نہیں دیا جو سراسر ناانصافی ہے،

قومی وطن پارٹی کے ضلعی سینئر نائب چیر مین حاجی محمد شفیع داودزئی کا تقریب سے خطاب

جمعرات 26 فروری 2015 22:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء ) قومی وطن پارٹی کے ضلعی سینئر نائب چیر مین حاجی محمد شفیع داودزئی کہا ہے کہ پختونوں نے جان و مال کے نذرانے پیش کرکے ملک و قوم کو محفوظ بنایا لیکن حکمرانوں نے ان کی قربانیوں کا کوئی صلہ نہیں دیا جو سراسر ناانصافی ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قومی وطن پارٹی واحد سیاسی قوت ہے جو پختونوں کی احساس محرومی کے خاتمے،ترقی اور امن و استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں بخشو پُل چارسدہ روڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد شفیع داودزئی نے کہا کہ پختون تاریخ کے نازک دور سے گزر رہے ہیں اور ان کی تاریخی قربانی کو یکسر نظر انداز کردیاگیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے انھوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام سے ووٹ لینے کے بعد ان کے مسائل سے چشم پوشی اختیار کی ہے جس کی وجہ سے ان کو ووٹ دینے پر پچھتا ر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ مایوسی کی فضا میں قومی وطن پارٹی پختونوں کیلئے امید کی کرن ہے جو ان کے حقوق وتحفظ اور بہبود کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی ترقی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے سماجی اور معاشی طور پر صوبہ تنزلی کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی کا اقدام پختون دشمنی پر مبنی ہے اور اس منصوبہ میں کسی قسم کی تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ اصل منصوبہ بحال کیا جائے تاکہ پختونوں کی مایوسی دور ہو سکے۔آخر میں انھوں نے کہا کہ مو جودہ سینٹ کے الیکشن کے لئے خرید و فروخت کو روکنے کے لئے کچھ بھی نہیں کیا جا رہا اور یہ جو میڈیا پر واویلہ کر رہے ہے یہ صرف عوام کو دھو کہ دے رہے ہیں ، جبکہ عملی کو ئی کام نظر نہیں آرہا ہیں۔الیکشن گزشتہ الیکشن کی طرح ہی کئے جا ئینگے۔

متعلقہ عنوان :