کرپٹ سیاستدانوں کی وجہ سے عوام کا جمہوریت پر اعتبار ختم ہو رہا ہے،سید اشرف قریشی

جمعرات 26 فروری 2015 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) جماعة السنہ پاکستان کے مرکزی ناظم اور اہلحدیث ایکشن کمیٹی کے رہنما سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں سید عامر نجیب ، مولانا نعمان اصغر ، شرافت حسین اثری اور حسن طارق سلفی نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں کی وجہ سے عوام کا جمہوریت پر اعتبار ختم ہو رہا ہے ۔ سینٹ کے الیکشن میں ہونے والی مبینہ سودے بازی سیاسی کرپشن کی بد ترین مثال ہے ۔

رہنماؤں نے کہا کہ جمہوریت سیاستدانوں کا بوجھ نہیں سنبھال پا رہی نظام کا ملبہ گرا تو غیر معمولی سیاسی ہلاکتیں ہوسکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جماعة السنہ پاکستان کے رہنماؤں نے گذشتہ روز مرکز ادارہ فروغ قرآن و سنت ناظم آبا د میں ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاکستانی جمہوریت کو اخلاقیات کی ویکسین دیئے جانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

سیاستدانوں اور حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے ملک پر غیر اعلانیہ منی مارشل لاء نافذ ہو چکا ہے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت دکھانے کے دانت بن کر رہ گئی ہے ۔ داخلہ اور خارجہ پالیسیاں ایوان حکومت کے باہر بن رہی ہیں ۔ ملک پر حکومت کا یہ عجیب و غریب سیٹپ ملک اور عوام کے لئے بہتر ہے وگرنہ نظام پر سیاستدانوں کی اجارہ داری عوام کے بدترین استحصال کا سبب بن رہی تھی ۔ سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ وزیر اعظم سے زیادہ آرمی چیف کی مقبولیت بے وجہ نہیں قوم جنرل راحیل کو مسیحا اور نجات دہندہ کے روپ میں دیکھ رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن اور استحکام کے لئے جنرل راحیل کا ویژن اور اعتماد مثالی ہے ۔

متعلقہ عنوان :