کوئی کسی شک وشبے میں نہ رہے، ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پر کسی بھی اشتعال انگیز ی کا منہ توڑ جواب دیاجائیگا، پوری قوم مادر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہے، بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا مقصد آپریشن ضرب عضب سے توجہ ہٹانا ہے، اشتعال انگیز ی کی کارروائیوں سے خطے کا امن بری طرح متاثر ہو رہاہے،

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے دورہ کے موقع پر فوجی جوانوں سے خطاب آرمی چیف کی بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثرہ گاؤں اور قصبوں کا دورہ ، متاثرہ شہریوں سے ملاقات ، جذبے کو خراج تحسین ، مقامی کمانڈروں کی جانب سے آرمی چیف کو ورکنگ باؤنڈری پر سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ

جمعرات 26 فروری 2015 22:28

راولپنڈی/سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ورکنگ باؤنڈری پر تعینات فوجی جوانوں اور رہائش پذیر مقامی افراد کے بلند حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی خوش فہمی میں نہ رہے،ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پر کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جا ئیگا، پوری قوم مادر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہے، بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا مقصد آپریشن ضرب عضب پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مہم سے توجہ ہٹانا ہے، ایسی کارروائیوں سے خطے کا استحکام بری طرح متاثر ہو رہاہے ۔

وہ جمعرات کو سیالکوٹ گیریژن اور ورکنگ باؤنڈری پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے اور اگلے محاذ کے دورے کے موقع پر فوجی جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثر ہونے والے دیہات اور قصبوں کے دورے کے دوران آرمی چیف نے ورکنگ باؤنڈری کے قریب رہائش پذیر لوگوں سے ملاقات کی اور بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ہونے نقصانات کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے آبادیوں کو پہنچنے والے والے نقصان پر مقامی افرادسے یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے عظیم جذبے کو اور صبرکو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہے۔ آرمی چیف نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر تعینات فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے عظیم حوصلے اور آپریشنل تیاریو ں کی تعریف کی۔

اس دوران آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بار بار ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا مقصد پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مہم اور آپریشن ضرب عضب سے توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ابلا اشتعال فائرنگ سے علاقائی استحکام شدید متاثر ہو رہا ہے، اس دوران آرمی چیف نے کہا کہ کوئی شک و شبے میں نہ رہے ، بھارت کی جانب سے ایل او سی یا ورکنگ باؤنڈری پر کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ آرمی چیف کو مقامی کمانڈرز کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کی تازہ ترین سیکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں سیالکوٹ آمد پر کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل غیور محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔