Live Updates

حکومت سے سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں فوری تبدیلی ناگزیر ہے ، شوآف کے ہینڈز کے ذریعے رائے شماری کے عمل کو نافذ کرنے کیلئے آئین میں مطلوبہ ترمیم یقینی بنائی جائے،

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ نیازی کابیان

جمعرات 26 فروری 2015 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ نیازی نے حکومت سے سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں فوری تبدیلی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے شوآف کے ہینڈز کے ذریعے رائے شماری کے عمل کو نافذ کرنے کیلئے آئین میں مطلوبہ ترمیم یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں ل سیف اللہ نیازی نے کہ پارلیمان کا تقدس اس میں بیٹھنے والے نمائندوں کے شفاف انتخاب سے مشروط ہے تاہم مسلم لیگ نواز کا کردار اس کے برعکس نظر آتا ہے۔

کیونکہ قومی اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر مسلم لیگی قیادت کی جانب سے دھاندلی کے ذریعے عوامی رائے پر ڈاکہ ڈالا گیا جبکہ ایوان بالا کے انتخابات کے موقع پر اراکین اسمبلی کی خریدوفروخت کا قبیح عمل شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق بدعنوانی اور دولت کے کثیر استعمال کے ذریعے پارلیمان تک رسائی حاصل کرنے والے کسی صورت عوامی نمائندگی کا حق ادا نہیں کرسکتے بلکہ ذاتی مفادات کی نگہبانی کرنے والے گروہ کی شکل اختیار کر جاتے ہیں جس سے پارلیمان کا تقدس پامال ہوتا ہے اور عوامی مفادات پر زد پڑتی ہے۔

ان کے مطابق تحریک انصاف سینٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے آئین میں ترمیم کی اصولی طور پر حمایت کرتی ہے تاہم ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اگر حکومت واقعی ترمیم لانے میں مخلص ہے تو مارچ سے قبل سے پارلیمان سے منظور کروایا جائے اور سینٹ کے انتخابات نئے طریقہ کار کے تحت منعقد کیے جائیں۔ شو آف ہینڈز کو ہارس ٹریڈنگ روکنے کا موثر ترین طریقہ قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سینٹ انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی اور بددیانتی برداشت نہیں کرے گی۔اپنے بیان میں تحریک انصاف کے رہنما نے مئی 2013کے انتخابات میں کی گئی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات