بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ لوکل ٹیکسز نے شہر کے مختلف علاقوں میں لگے ہوئے 150 سے زائد غیر قانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتارلئے

جمعرات 26 فروری 2015 20:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت کی تعمیل میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ لوکل ٹیکسز نے گزشتہ 5 روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں لگے ہوئے 150 سے زائد غیر قانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتارلئے، قواعد کے خلاف لگائے گئے اشتہاری بورڈز کے خلاف یہ کارروائی سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز اختر علی شیخ کی نگرانی میں انجام دی گئی جس کے تحت خیابان سعدی، خیابان اقبال اور خیابان رومی کلفٹن کے علاوہ شاہراہ قائدین اور یونیورسٹی روڈ پر لگے ہوئے غیر قانونی اشتہاری بل بورڈز کو اتارا گیا، تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے خیابان سعدی، خیابان رومی اور خیابان اقبال میں مرکزی سڑکوں کے اطراف فٹ پاتھ پر لگے ہوئے 120 سے زائد خلاف ضابطہ سائن بورڈز اور اشتہاری ہورڈنگز مہم کے دوران اتاری گئیں جبکہ شاہراہ قائدین پر 15 اور یونیورسٹی روڈ کے اطراف سے 15 سے زائد غیرقانونی اشتہاری بورڈز کو اتارا گیا واضح رہے کہ خلاف ضابطہ اور غیر ضروری اشتہاری بورڈز کے خلاف یہ کارروائی ”گرین اینڈکلین سٹی“ مہم کے حصہ ہے جس کا مقصد شہر کو ان اشتہاری ہورڈنگز اور بل روڈز سے نجات دلانا ہے جن کی وجہ سے نہ صرف اہم سڑکوں، شاہراہوں اور چوراہوں پر بے ہنگم اور بے قاعدہ اشتہاری سائن بورڈز کی موجودگی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ یہ شہر کی خوبصورتی کو بھی متاثر کرتے ہیں اور بوسیدہ یا پرانے ہونے کی وجہ سے برسات کے موسم میں یا تیز ہواؤں کی صورت میں ان کے گرنے کا بھی خطرہ رہتا ہے لہٰذا شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لئے ان اشتہاری ہورڈنگز کا خاتمہ ضروری ہوگیا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ لوکل ٹیکسز وقتاً فوقتاً اشتہاری کمپنیز اور اداروں کو اپنے ہورڈنگز اور سائن بورڈز ایڈورٹائزمنٹ بائی لاز کے مطابق بنانے اور ہورڈنگز کی مستقل مرمت اور نگرانی کی ہدایت جاری کرتا رہا ہے جبکہ خلاف ضابطہ اور اجازت کے بغیر لگائے گئے اشتہاری بورڈز کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے تاہم یہ مہم جاری رہے گی اور شہر کو تمام غیر قانونی اور خلاف ضابطہ اشتہاری بورڈز سے پاک کرنے تک کام جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :